پاکستان اور چائنا کی ترقی سی پیک اور گوادر کی ترقی سے وابستہ ہے ،ْ محمد صادق سنجرانی

چائنیز کمپنی گوادر میں 37 بلین روپے کی سرمایہ کاری کرے گی اور اگلے چھ ماہ میں فیکٹریاں لگانے کے کام کا آغاز کرے گی ،ْتقریب سے خطاب

منگل 15 مئی 2018 20:35

پاکستان اور چائنا کی ترقی سی پیک اور گوادر کی ترقی سے وابستہ ہے ،ْ محمد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چائنا کی ترقی سی پیک اور گوادر کی ترقی سے وابستہ ہے ،ْ چائنیز کمپنی گوادر میں 37 بلین روپے کی سرمایہ کاری کرے گی اور اگلے چھ ماہ میں فیکٹریاں لگانے کے کام کا آغاز کرے گی۔ یہ بات انہوں نے گوادر کے ایک روزہ دورے کے دوران گوادر کے عوام کے لئے پینے کے صاف پانی کے پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مقامی لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ اس پلانٹ سے گوادر کے عوام کو دو لاکھ گیلن یومیہ پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا جبکہ چائنیز کمپنی کی مدد سے موجودہ پلانٹ کی استعداد کار تیس لاکھ گیلن تک بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوادر پاکستان اور چائنا کے لئے اہم شہر ہے کیونکہ پاک چین ترقی گوادر سے وابستہ ہے اور یہاں کے عوام کو با عزت روزگار کی فراہمی کے لئے چائنیز کمپنی ٰ37 بلین روپے کی سرمایہ کاری کرے گی اور ا گلے چھ ماہ میں فیکٹریاں لگانے کا کام کا آغاز کرے گی جس سے 8 ہزار افراد کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئینگے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کہدہ بابر نے کہا کہ گوادر چائنا اور پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کی بنیاد ہے گوادر کے بغیر ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ کامیاب نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان کے عوام کو شامل کئے بغیر ترقی محض ایک خواب ہی ہوگا ۔اس سے قبل قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے گوادر بندرگاہ کے احاطے میں قائم چائنیز ریڈ کریسنٹ ہسپتال کا دورہ کیا اس موقع پر قائم مقام صدر کو بتایا گیا کہ 9 چائنیز ڈاکٹر یومیہ دو سو مریضوں کا چیک اپ کرتے ہیں اور انہیں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرتے ہیں۔

قائم مقام صدر نے چائنیز دوستوں کی جانب سے صحت اور تعلیم کے بہتر سہولیات کی فراہمی کے کردار کو سراہا۔ قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے عمائدین شہر، چائنیز کمپنیوں کے نمائندوں اور گوادر پورٹ کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں قائم مقام صدر کو گوادر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔