وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کیڈٹ کالج مستونگ میں طلباء پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لے لیا، انکوائری کا حکم

منگل 15 مئی 2018 20:37

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کیڈٹ کالج مستونگ میں طلباء پر تشدد کے واقعہ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کیڈٹ کالج مستونگ میں کالج انتظامیہ کی جانب سے طلباء پر تشدد کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی فوری انکوائری کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ انکوائری ٹیم واقعہ کے ذمہ داروں کا تعین کر کے رپورٹ پیش کرے تاکہ ان کے خلاف کاروائی کی جاسکے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن و کالجز کو ہدایت کی ہے کہ کیڈٹ کالج مستونگ سمیت صوبہ کے تمام کیڈٹ کالجز میں طلباء کے ساتھ ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے اور ان کے ساتھ انتظامیہ مشفقانہ اور دوستانہ رویہ رکھے، تعلیمی اداروں میں طلباء پر تشدد کے رجحان کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور اس کی مرتکب انتظامیہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی، وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری کالجز اور سیکرٹری تعلیم سکولز کو مزید ہدایت کی ہے کہ محکمہ تعلیم میں شکایت مراکز قائم کئے جائیں تاکہ طلباء اور ان کے والدین تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے نامناسب رویہ کے بارے میں اپنی شکایات درج کراسکیں۔