فوج اور اداروں پرالزامات لگاکر نوازشریف بھارت اور امریکہ کی مدد حاصل کرنا چاہتا ہے،رحمت خان وردگ

منگل 15 مئی 2018 20:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ نوازشریف آج جو کچھ کہہ رہا ہے یہ باتیں ثابت کر رہی ہیں کہ ایک نااہل شخص 3مرتبہ وزیراعظم بنا لیکن اس کے پاس وزارت خارجہ اور داخلہ نہیں تھی اور فوج ہی تمام معاملات چلارہی تھی لیکن وہ خاموش رہا۔ نوازشریف یہ بات اگر پہلی بار وزیراعظم بن کر استعفٰی دیتے ہوئے کہتے تو لوگ یقین کرتے کہ واقعی اداروں پر ان کا الزام درست ہوسکتا ہے کہ انہوں نے اپنی وزارت عظمٰی کی پرواہ نہیں کی اور حق بات کہہ کر اقتدار کو ٹھکرا دیا۔

انہوںنے کہا کہ اب چونکہ نوازشریف ہر طرف سے پھنس چکا ہے اور کوئی راستہ نظر نہیں آرہا اور کوئی این آر او ہوتا نظر نہیں آتا تب بھارت اور امریکہ کو خوش کرکے مدد کے حصول کے لئے پاکستان دشمن پالیسی سازوں کے اشاروں پر ملک کی عوام اور عالمی طور پر ملک کو نقصان پہنچانے کے لئے بے بنیاد الزام تراشی پر اترآیا ہے۔

(جاری ہے)

پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ اداروں پر الزام وہ کن حالات اور صورتحال میں لگارہے ہیں۔

قوم اتنی بے وقوف نہیں کہ وہ یہ نہ سمجھ سکے کہ نوازشریف کو ایسی بات کب کہنی چاہئے تھی اور اب اس طرح کی باتیں کرنے کے کیا مقاصد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی پی کارویہ ہمیشہ قابل تحسین رہا ہے کہ انہوں نے بھٹو کے عدالتی قتل کو بھی برداشت کیا اور اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں کی حالانکہ اعلٰی عدلیہ کے سابق جج اور سینئر وکلاء بارہا اعتراف کرچکے ہیں کہ بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا تھا اور بی بی کی شہادت پر بھی انہوں نے پاکستان یا اس کے اداروں کے خلاف بات نہیں کی بلکہ نعرہ لگایا کہ ’’پاکستان کھپے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اگر پنجاب کے بجائے چھوٹے صوبے سے ہوتا تو ان حالات میں مارشل لاء لگ چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے عوام اور ملک کی بہتری کے فیصلے کررہے ہیں اور ان فیصلوں پر عملدرآمد جاری رہنا چاہئے اور پوری قوم فوج و عدلیہ کی پشت پر کھڑی ہے۔