منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس،

ضلعی عہدیداران کی شرکت نواز شریف قومی مجرم، غداری کامقدمہ چلایاجائے، رمضان المبارک کو لوڈشیڈنگ فری مہینہ قرار دیا جائے، اجلاس میں مطالبہ

منگل مئی 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی، اجلاس میں پی پی صدور، ناظمین اور منہاج القرآن لاہور کے ضلعی عہدیداران شریک ہوئے، اجلاس میں نااہل نواز شریف کے ریاست کے خلاف بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ نواز شریف قومی مجرم ہے، ان کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کر کے سزا دی جائے، اجلاس میں اس بات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 30 سے 50فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے، حکمران مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، چکن، دودھ، دہی،پھل اور سبزیاں 50فیصد تک مہنگی ہو چکی ہیں، حکمران ناجائز منافع خوروں کے ہاتھوں رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل ہی ناک آئوٹ ہو چکے ہیں، اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ رمضان المبارک کو لوڈشیڈنگ فری مہینہ قرار دیاجائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں نماز فجر کے بعد پورے لاہور میں 500 سے زائد مقامات پر دروس عرفان القرآن کا اہتمام کیا جائیگا، دروس قرآن رمضان شریف کے پورے مہینے جاری رہیں گے، منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز اسلام ،رمضان، احسان، ایثار، فضیلت قرآن کے موضوعات پر لیکچرز دیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ اسلام ،احسان اور ایمان کا فلسفہ سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کیلئے رمضان المبارک انتہائی اہم مہینہ ہے۔

اہلیان لاہور دروس عرفان القرآن میں شرکت کریں اور رحمت اور برکت کے اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹیں۔انہوں نے کہا کہ غیر مسلم ممالک بھی روزہ داروں کا احترام کرتے ہیں مگر پنجاب کے حکمرانوں نے عوام دشمنی کی ہر حد پار کر لی ہے۔رمضان المبارک سے قبل ہی اتوار بازار،سستے بازار اور رمضان بازار حکمرانوں نے منافع خوروں کو ٹھیکے پر دے دئیے ہیں۔

عوام ان بازاروں میں منافع خوروں کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب او ان کے وزراء سستی شہرت کیلئے ان سستے بازاروں کے دورے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ اور مہنگائی میں کمی کے جتنے بھی اعلانات کیے گئے وہ سب رمضان المبارک سے قبل ہی فیل ہو چکے ہیں۔اجلاس میں اشتیاق حنیف مغل، حفیظ اللہ جاوید، ثناء اللہ خان، میاں حنیف، محمود عزیز، اصغر ساجد، یونس نوشاہی، عبدالحنان طاہر، حاجی فرخ، عمر اعوان، علامہ امداد اللہ شاہ و دیگر بھی شریک ہوئے۔