مظلوم فلسطینیوں کا اپنے حق کیلئے لڑنا دہشت گردی نہیں بلکہ آزادی کی جدوجہد ہے ،ذکر اللہ مجاہد

جماعت اسلامی مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام پر امریکی اور اسرائیلی دہشت گردی کی بھر پور مذمت کرتی ہے نہتے اور معصوم فلسطینیوں کا قتل عام اسرائیل اور امریکی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہے ،امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور کا فلسطینیوں کے قتل عام پر ہنگامی اجلاس سے خطاب

منگل 15 مئی 2018 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے مقبوضہ بیت المقدس پر امریکی سفارت خانے کے خونی افتتاح پر گہرے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہتے اور معصوم فلسطینیوں کا قتل عام اسرائیل اور امریکی دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں فلسطین پر اسرائیلی اور امریکی دہشتگردی میں سینکڑوں کی تعداد میں شہید اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی اور لاکھوں کی تعداد میں بے گھر ہونے والے معصوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، علاقہ امراء جات خالد احمد بٹ ، چوہدری منظور حسین گجر ، محمد شفیق ملک، عبدالرشید مرزا ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ، رہنماء جماعت اسلامی لاہور محمد عمیر خان ، عبدالحفیظ اعوان ، عمر شہباز و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کااپنی سرزمین پر اپنے حق کیلئے لڑنا دہشتگردی نہیں بلکہ آزادی کی جدوجہد ہے ۔ جماعت اسلامی مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام پر امریکی اور اسرائیلی دہشتگردی کی بھر پور مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کی زمین سے بے دخل کرنا اور اسرائیلی جارحیت کی پشت پناہی کرنا امریکی دہشتگردی ہے جو اب پوری دنیا کے سامنے آشکار ہو چکی ہے ۔

کسی بھی معاشرے میں ظلم اور بربریت امن کی بجائے دہشت گردی کا فروغ ہوتا ہے ۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ دنیا کی بڑی عالمی طاقتوںکے حکمران ظالموں اور غاصبوں کی مدد کی بجائے مظلوموں کا ساتھ دیں ۔ مسلم امہ کے حکمران اس موقع پر خاموشی اور بے حسی کی بجائے اپنا کردار ادا کریں ۔ جماعت اسلامی ترکی اور جنوبی افریقہ کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے اسرائیل سے اپنے سفیر واپس بلائے ہیں ۔ انہو ں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس دکھ کی کھڑی میں فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور او آئی سی اور سلامتی کونسل کا اجلاس بلا کر ا س مسئلہ کو پوری دنیا کے سامنے فوراًً اُٹھا یا جائے ۔