سینیٹ اجلاس ، فلسطین میں اسرائیلی بربریت اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی شہادتوں پر مذمتی قرارداد منظور

منگل مئی 21:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) ایوان بالا میں فلسطین میں اسرائیلی بربریت اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی شہادتوں کی مذمت کے لئے قرارداد منظور کرلی گئی۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان بالا عوام کے جذبات کی عکاسی کرتے ہوئے بے گناہ اور نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قابض فوجوں کی جابرانہ ہتھکنڈوں کی مذمت کرتا ہے جن کے نتیجے میں 70 بچے، عورتیں اور مرد شہید ہو چکے ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں۔

سینیٹ امریکی سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کے امریکی فیصلے کو مسترد کرتا ہے کیونکہ یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹ اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور فلسطینیوں کے منصفانہ موقف کے لئے پاکستان کی حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ہم یہ محسوس کرتے ہیں کہ اسرائیل مقبوضہ فلسطین اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کر رہے ہیں۔

بے گناہ نہتے کشمیریوں کو شہید کر رہے ہیں اور جان بوجھ کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور دونوں ممالک مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کی صورتحال کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سینیٹ آف پاکستان فلسطینی عوام کی قربانیوں اور بہادری کو سلام پیش کرتا ہے جو اپنے خون کے ذریعے اسرائیلی قابض فوج کی جارحیت کے سامنے مزاحمت کر رہے ہیں۔ سینیٹ حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حتمی حل کے لئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ رابطہ کر کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھائے۔ ایوان نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔