لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

بٹل سیکٹر کے گائوں ڈارہ شیر خان میں فائرنگ سے 55 سالہ لکڑہارامظفر چوہدری زخمی

منگل 15 مئی 2018 21:07

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) آزاد جموں اور کشمیر کے بٹل سیکٹر میں لائن آف کنٹرول(ایل او سی)پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا۔مقامی پولیس کے عہدیدار محمد عزیز کے مطابق بٹل سیکٹر کے گائوں ڈارہ شیر خان میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے درخت کاٹنے والا 55 سالہ مظفر چوہدری زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے واقعے کے بعد طبی امداد کے لیے مظفر چوہدری کو اہل خانہ کی جانب سے 7 کلو میٹر دور علاقے میں منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔26 اپریل کو بھی بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔18 مارچ کو بھی آزاد جموں اور کشمیر کے علاقے نکیال سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب سے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 لڑکیوں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔