لاہور چیمبر کا ملک میں غیر یقینی سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار

صورتحال جلد درست نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی،خواجہ خاور رشید تمام طبقات ہائے فکر نازک صورتحال میں سیاسی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں،سینئر نائب لاہور چیمبر آف کامرس

منگل 15 مئی 2018 21:58

لاہور چیمبر  کا ملک میں غیر یقینی سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے ملک میں غیر یقینی سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے معاشی و تجارتی معاملات پس پشت چلے گئے ہیں، اگر یہ صورتحال جلد درست نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک اس پوزیشن میں نہیں کہ مزید نقصان برداشت کرسکے لہذا تمام طبقات ہائے فکر کو صورتحال بہتر بنانے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے سیاسی معاملات غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں جنہوں نے روپے کی قدر میں کمی، تجارتی عدم توازن، سٹاک مارکیٹ کی تباہی، غیرمتاثر کن جی ڈی پی اور انڈسٹریل گروتھ ، تجارتی خسارے اور قرضوں کے بھاری بوجھ جیسے سنگین مسائل کو پس پردہ دھکیل دیا ہے ۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ساری دنیا کی نظریں پاکستان پر گڑی ہیں اور اگر سیاسی دانشمندی اور بصیرت سے کام نہ لیا گیا تو ملک کو غیرملکی سرمایہ کاری، سیاحت اور دیگر بہت سی مدات میں بہت بھاری نقصان ہوگا۔ انہوں نے سیاستدانوں سمیت تمام طبقات ہائے فکر پر زور دیا کہ وہ نازک صورتحال کا ادراک کریں اور ملک میں سیاسی استحکام کردار ادا کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔