سول سوسائٹی لاہور سرکل کے تحت نواز شریف کے متنازع بیان کیخلاف اسمبلی ہال چوک میں زبردست احتجاجی مظاہر ہ

منگل 15 مئی 2018 22:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) سول سوسائٹی لاہور سرکل کے تحت سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے ممبئی حملوں کے حوالہ سے متنازع بیان کیخلاف اسمبلی ہال چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں وکلاء، طلباء، تاجروں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرشرکاء کی جانب سے مودی کا جو یار ہے غدار ہے، غدار ہے‘کے زور دار نعرے لگائے جاتے رہے۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نواز شریف کی متنازعہ بیان بازی اور انڈیا کے خلاف تحریریں درج تھیں۔ احتجاجی مظاہرہ سے چیئر مین سول سوسائٹی سرکل علی عمران شاہین ، نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے رہنما عبد الوحید شاہ، صاحبزاہ اشرف عاصمی ایڈوکیٹ، میاں محمود ایڈوکیٹ، عثمان شفیق، عقیل چوہدری ایڈوکیٹ، آفتاب ورک ایڈوکیٹ و دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے اپنے خطابات میں کہاکہ میاں نوازشریف مودی سرکار کی کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں اور انڈیا کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان بازی پاکستان پر بین الاقوامی پابندیاں لگوانے کی سازشوں کا حصہ ہے۔ ان کیخلاف بغاوت کا مقدمہ چلایا جائے ۔سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بجائے گمراہ کن بیان کے دفاع میں مصروف ہیں۔

بھارتی خوشنودی کیلئے اس قسم کے انٹرویو دے کر دشمن کے ہاتھ مضبوط کئے جارہے ہیں۔ محض ذاتی مفادات کیلئے ملکی سلامتی کونقصان پہنچانے کی سازشیں قوم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوںنے کہاکہ میاں نواز شریف اور ان کے حواری بھارت و امریکہ کو خوش کرنے کیلئے وطن عزیز پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر رہے ہیں۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں۔

انڈیا اور اس کے اتحادی پاکستانی فوج اوردفاعی اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ نواز شریف اس مقصد کیلئے انڈیا کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں اور وہی زبان بول رہے ہیں جو نریندر مودی انڈیا میں بولتا ہے۔ مقررین نے کہاکہ نواز شریف نے ممبئی حملوں سے متعلق گمراہ کن بیان بازی سے پاکستان کیلئے مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کی ۔ انہیںکشمیر میں بہتے ہوئے لہو کی کوئی پرواہ نہیں۔

کلبھوشن جیسے دہشت گردوں کی کاروائیوں پر حکمرانوں کی زبانیں خاموش ہیں لیکن کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنیو الوں کیخلاف دہشت گردی کا پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ انڈیا افغانستان میں ٹریننگ سنٹر قائم کر کے پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہا ہے۔ پاکستان کیخلاف سازشوں کے توڑ کیلئے قوم کا ہر فرد افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ اس وقت پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور پختہ عزم رکھتی ہے کہ خطرات کے اس دور میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر دفاع وطن کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔ ووٹ کی عزت مانگنے والے ملک کو عزت دیں۔ جو قوم ووٹ کے ذریعے تمھیں تین بار وزیر اعظم بنا سکتی ہے وہ قوم ہرگز تمہاری غداری کو برداشت نہیں کرے گی۔