سراج الحق کی نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت

عالمی برادری اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کا نوٹس لے ،مطالبہ

منگل 15 مئی 2018 21:18

سراج الحق کی نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ اور گولہ باری کی شدید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی برادری اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کا نوٹس لے ۔سراج الحق نے امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ جس میں60 سے زائدفلسطینی شہید اور دوہزار سے زائد زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ظلم و جبر اور قتل عام کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور اسرائیل کی وحشت اور بربریت کو رکوانے کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی اور امریکہ کی اسرائیل کی سرپرستی سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطینی اپنی سرزمین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف گزشتہ 70سال سے احتجاج کررہے ہیں مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور اب امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل ہونے سے اسرائیل کی درندگی اور وحشت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔انہوں نے عالم اسلام سے بھی مطالبہ کیا کہ اس مسئلے پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے اور اسرائیلی مظالم کا شکار فلسطینیوں کی فوری امداد اوراسرائیل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے ۔