کیون اوبرائن کی تاریخ ساز سنچری رائیگاں، پاکستان نے آئرلینڈ کو واحد ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا،

160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے 14 رنز پر 3 وکٹیں کھو دیں، امام الحق اور بابراعظم نے مشکل وقت میں ذمہ درانہ بیٹنگ کی، دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ میں 126 رنز کی شراکت جوڑ کر آئرلینڈ کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، بابراعظم 59 رنز بنا کر آئوٹ، امام الحق 74 رنز بنا کر ناقابل شکست، کیون اوبرائن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

منگل 15 مئی 2018 21:41

کیون اوبرائن کی تاریخ ساز سنچری رائیگاں، پاکستان نے آئرلینڈ کو واحد ..
ڈبلن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) امام الحق اور بابراعظم کی نصف سنچریاں کیون اوبرائن کی تاریخ ساز سنچری پر بھاری پڑ گئیں، پاکستان نے میزبان آئرلینڈ کو اولین ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا، 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 14 کے سکور پر اس کے 3 کھلاڑی آئوٹ ہو گئے، اس موقع پر امام الحق اور بابراعظم حریف بائولرز کے سامنے چٹان بن گئے، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 126 قیمتی رنز جوڑ کر آئرش ارمانوں پر پانی پھیر دیا، بابراعظم 59 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے لیکن امام الحق ڈٹے رہے، انہوں نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، کیون اوبرائن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

منگل کو ڈبلن ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز آئرش ٹیم نے 319 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کیون اوبرائن 118 اور کین 8 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے دوسرے ہی اوور میں محمد عباس نے کیون اوبرائن کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، اوبرائن اننگز میں اضافہ کئے بغیر 118 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، بوئیڈ رینکن 6 رنز بنا کر عباس کی گیند کا نشانہ بنے، 339 کے سکور پر آئرلینڈ کی آخری وکٹ گری جب ٹائرون کین 14 رنز بنانے کے بعد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے، اسطرح آئرلینڈ نے گرین شرٹس کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 160 رنز کا ہدف دیا، محمد عباس نے 5، محمد عامر نے 3 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، جواب میں پاکستانی ٹیم نے 160 رنز کا ہدف دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، ہدف کے تعاقب کیلئے پاکستانی ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 14 کے سکور پر اس کے تین کھلاڑی آئوٹ ہو گئے، اظہرعلی 2، حارث سہیل 7 اور اسد شفیق 1 رن بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر امام الحق اور بابراعظم نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا، 140 کے سکور پر بابراعظم 59 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، کپتان سرفراز احمد 8 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد امام نے شاداب کے ساتھ مل کر ٹیم کو کامیابی دلائی، امام الحق 74 اور شاداب 4 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

ٹم مورتگ نے 2 جبکہ رینکن اور تھامسن نے ایک، ایک وکٹ لی۔