ہماری حکومت عوام کو وسائل دے رہی ہے، تمام دیہاتوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جارہا ہے ،نوابزادہ راجہ مطلوب مہدی خان

منگل مئی 21:43

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) ہماری حکومت عوام کے مسائل حل کر کے ان کو وسائل دے رہی ہے جس سے تمام دیہاتوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جارہا ہے ان خیالات کااظہار مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما رکن قومی اسمبلی نوابزادہ راجہ مطلوب مہدی خان نے جہلم کے نواحی گائوں ملہو ،سنگھوئی میں مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملہو اور سنگھوئی میں 60لاکھ روپے کے ترقیاتی کام جبکہ موضع طور میں 15لاکھ روپے سے گلیاں ،ارڑیالہ بیرم میں 10لاکھ روپے اور جنگو میں 18لاکھ روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے تھے جن میں سے 90فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اس موقع پر نوابزادہ راجہ طالب مہدی خان ،راجہ رابیل،راجہ حسن نواز کے علاوہ علاقہ کے معززین کی کثیر تعداد موجودتھی انہوں نے کہا کہ کندوال سے نوگراں تک نئی بجلی کی لائن اور تمام نئے ٹرانسفارمر لگانے کیلئے 23کروڑ روپے کا منصوبہ جس کا پچاس فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جاری ہے انہوں نے بتایا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ 8کروڑ 50لاکھ روپے کی لاگت سے گلیاں اور سڑکیں مکمل کر رہا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے علاقہ کے عوام کی مسلم لیگ ن سے محبت کی وجہ سے ان سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے ہیں اور انشاء اللہ ہمارا مقصد عوام کی خدمت کو عبادت کے طور پر کرنا ہے جسے ہم جاری رکھیںگے۔