نواز شریف کے بیان نے ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے،سید مصطفیٰ کمال

نواز شریف نے اپنا غصہ اتارنے کے لیئے پاکستان سے بدلا لیا ہے، پی ایس پی ان کے بیان کو یکسر مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ نواز شریف سے ریاستی ادارے کمیشن بناکر تحقیقات کریں،چیئرمین پاک سر زمین پارٹی

منگل 15 مئی 2018 21:49

نواز شریف کے  بیان نے ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے،سید مصطفیٰ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہاہے کہ نواز شریف کے ممبئی حملوں کے حوالے سے بیان نے ملک کی سلامتی اور پاکستان کی ریاست کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ نواز شریف نے اپنا غصہ اتارنے کے لیئے پاکستان سے بدلا لیا ہے۔ پی ایس پی ان کے بیان کو یکسر مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ نواز شریف سے ریاستی ادارے کمیشن بناکر تحقیقات کریں کہ اگر علی الاعلان یہ بیانیہ ہے تو اپنی وزارت عظمی بچانے کے لیے تنہائی میں ملکی سلامتی کے کتنے راز دشمنوں کو دیئے ہونگے اور اس کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی کے اداروں کو صبر سے کام لینے پر سلام پیش کرتا ہوں۔

جنہوں نے اس طرح کے سب الزامات کا بہادری سے اور بردباری سے مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے اپنے اقتدار کو بچانے کے لیئے ملک دشمنی کی ہے، یہ ہماری فوج کو بدنام کرنے اور ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ دنیا میں شام، عراق، اور دوسرے بہت سے ممالک کی مثالیں موجود ہیں کہ جن کی فوج کمزور ہوئی اور پھر تباہی ان کا مقدر بنی۔ اس ہی طرح پاک فوج کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے جو پاکستان کا ہراول دستہ ہے اور ملک کی فرنٹ لائن ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے صدر انیس قائم خانی اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل کے اراکین کے ہمراہ پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر گزشتہ 5 سالوں سے لگنے والے الزامات کو انہوں نے اپنے ہی اس بیان سے سچ ثابت کر دیا ہے۔ نواز شریف نے 30 سالوں میں جو بھی اچھے کام کیئے ان سارے کاموں کو ان کے ایک اس بیان نے خاک میں ملا دیا ہے۔

پاکستان پر دنیا بھر میں دہشتگردی کے حوالے سے شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں حالانکہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دینے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی شرافت کا نقاب اتر گیا ہے آج اس بیان سے نواز شریف کی اصلیت عوام کے سامنے آگئی ہے۔ اس بیان نے ملک دشمن بیرونی طاقتوں کے ہاتھ مضبوط کیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ممبئی حملے کے حوالے سے بیان سمجھ سے بالا تر ہے، نواز شریف تین بار پاکستان کے وزیر اعظم رہنے کے باوجود ہمیشہ ریاست کیخلاف نظر آئے، نواز شریف کی مودی سے ملاقاتیں کئی سوالات کو جنم دیتی ہیں ان سے تحقیقات کی جائیں کہ انہوں نے اپنے مفاد کی خاطر ملک کی اور کون کون سی چیزوں پر دوسرے ملکوں کے ساتھ کمپرومائز کیا ہی میں سمجھتا ہوں اب نوازشریف صاحب کے بیان کے بعد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے استعفیٰ لے لیا جائے یا وہ خود استعفیٰ دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر پہلے ہی پابندیاں لگانے کی بات کی جارہی تھی اور پاکستان آج بھی آبزرویشن میں رکھا جا رہا ہے کہ اس پر پابندی لگائی جائے کہ نہیں۔ ان حالات میں چار سال 10 مہینے بعد نواز شریف کو خیال آیا کہ ممبئی حملے میں ریاست ملوث ہے نواز شریف نے حلف اٹھاتے ہی اسکا اعلان کیوں نہیں کیا نواز شریف نے پاکستانی ریاست کو بلیک میل کرنے کیلئے یہ الزام لگایا اور پاکستانی ریاست اور پاکستان کی بقائ کو خطرے میں ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کاسال الیکشن کا گھر سال ہے عوام 2018 کے الیکشنز میں محب وطن قووتوں کا انتخاب کر کے ملک دشمن عناصر کو مسترد کر دیں گے۔#