Live Updates

تحریک انصاف نے ایزی لوڈ کلچر ، کرپشن ، کمیشن ، سفارش اور اقرباء پروری کے نظام کا مکمل طور پر خاتمہ کیا،محمدعاطف

منگل 15 مئی 2018 21:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے روایتی اور موروثی سیاست کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ایزی لوڈ کلچر ، کرپشن ، کمیشن ، سفارش اور اقرباء پروری کے نظام کا مکمل طور پر خاتمہ کیا۔ اب روزگار میرٹ پر مل رہا ہے ، عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر ادارے خود حل کررہے ہیں اور ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے عوام کے مسائل میں بہت کمی آئی ہے ۔

وہ قاضی آباد مردان میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ، جس سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبرز ابرار اور جمیل باچا نے بھی خطاب کیا ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ سابقہ دور حکومت کے پانچ سالوں میں پورے PK-50میں صرف 67کروڑ روپے کا کام ہوچکا تھا مگر ہماری حکومت میں ہر یونین کونسل میں 80کروڑ روپے تک کا کام مکمل کردیا گیا ہے جن میں 115 کلومیٹر روڈ زکی تعمیر ، 78اپ گریڈڈ اور نئے تعمیر شدہ سکولز ، 300 سے زیادہ ٹرانسفارمر ز، 300سے زیادہ پولز ، 300سے زیادہ مساجد کی سولرائزیشن جبکہ گلی کوچوں کی تعمیر اور دیگرکاموں پر بھی کروڑوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری پانچ سالہ کارکردگی کا عوامی نیشنل پارٹی ، پیپلز پارٹی ، ایم ایم اے اور تمام ادوار کے ساتھ موازنہ کیا جائے اگر ادارے ٹھیک ہوگئے ہو ، بد امنی کم ہو گئی ہو ، رشوت ، کرپشن اور کمیشن کو ختم کیا گیا ہو ، اور میرٹ کی سربلندی کیلئے اقدامات کئے گئے ہوں تو پھر پاکستان تحریک انصاف کو ضرور سپورٹ کریں کیونکہ یہ تمام پارٹیاں اب مسترد شدہ ہیں، نہ ہی ان کا کوئی مستقبل ہے ، اور نہ ہی ان کی کوئی پارٹی پالیسی اور منشور ،سیاست جو کہ حقیقی معنوں میں خدمت ہے ان کرپٹ لیڈروں نے اسی خدمت کو کاروبار میں تبدیل کیا ہے ، محمد عاطف خان نے کہا کہ ہم سے پہلے بھی حکومتیں موجود تھیں ، انہوں نے نہ تو ترقیاتی کاموں کی طرف توجہ دی ، نہ اداروں کی بحالی اور مضبوطی کیلئے اقدامات کئے او ر نہ ہی حقدار کو ان کا جائز حق دیا۔

عمران خان کی عظیم قائدانہ صلاحیتوں اور عوام دوست پالیسیوں کی بدولت آج خیبر پختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ہمیں یقین ہے کہ 2018 میں الیکشن جیت کر ترقی کے اس سفر کو اسی طرح رواں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آپ لوگوں کیلئے جتنے بھی ترقیاتی کام کئے ہیں آپ لوگوں پر کوئی احسان نہیں کیا بلکہ میں نے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے آپ لوگوں نے مجھ پر اعتماد کیا تھا اور آپ لوگوں کو اپنا حق مل رہا ہے جتنے بھی کام ہوچکے ہیں سب میں اعلیٰ کوالٹی کا میٹریل استعمال ہوا ہے اور تمام ٹھیکے میرٹ پر دئیے گئے ہیں اس لئے ہمارے میرٹ کے کاموں کا اور باقی کے کاموں کا صاف پتہ چلتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقے سے جتنے بھی امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں ان کے حال اور ماضی کو دیکھ کر میرے ساتھ موازنہ کریں ، عوام کیلئے کئے گئے ترقیاتی کاموں کا موازنہ کریں ، ان کے سابقہ ادوار کا موازنہ کریں ، میرٹ کی سر بلندی اور اداورں کی بحالی کیلئے کئے اقدامات کا موازنہ کریں ، ان کے پارٹی لیڈر اور پارٹی منشور کا موازنہ کریں ، اگر آپ کو تحریک انصاف اور میر ی کارکردگی میں واضح فرق نظر آئے تو پھر مجھے ووٹ کیساتھ مکمل سپورٹ کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات