پنجاب کے پانچ اضلاع کی منتخب یونین کونسلوں میں خسرہ سے بچائو کی خصوصی مہم

منگل 15 مئی 2018 21:50

لاہور۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) پنجاب کے پانچ اضلا ع کی منتخب یونین کونسلوں میں میں خسرہ سے بچائو کی 6روزہ خصوصی مہم کا آغازکیا جارہا ہے جس کے دوران 6ماہ سے لے کر59 ماہ کی عمر کے تمام ایسے بچوں کو جنہیں پہلے خسرہ سے بچائوکے حفاظتی ٹیکہ نہیں لگا انہیں یہ ٹیکہ لگایا جائے گا۔ ان اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، اٹک، راجن پور اورگوجرانوالہ شامل ہیں۔

محکمہ صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اس خصوصی مہم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جن بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کا ٹیکہ نہیں لگا وہ لازمی طور پر حفاظتی ٹیکہ لگوالیں-یہ بات ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد نے خسرہ مہم کے انتظامات کے حوالے سے منعقد کئے گئے اجلاس میں بتائی -۔انہوں نے کہا کہ خسرہ سے بچائو کی خصوصی مہم کا انعقاد خسرہ کیسزرپورٹ ہونے کے بعدکیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر منیر احمد کا کہنا تھا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں خسرہ کی وبا پھیلی ہے جس کی وجہ سے پنجاب بھر میں خسرہ کے کیس رپورٹ ہورہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کا کہنا تھا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں اس وبا کے سبب پنجاب پہلے ہی الرٹ جاری کر چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خصوصی مہم ضلع کی منتخب یونین کونسلوں میں منعقد کی جائے گی جن کا چنائو ڈبلیو ایچ او نے ایک تجزیہ کے ذریعے خسرہ ویکسین کی کوریج اور خسرہ کی وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔

انہوں نے باور کرایا کہ اس مہم میں 6 سے لے کر 59 ماہ کے ایسے بچوں کو خسرہ سے بچائوکے حفاظتی ٹیکے لگائیں جائیں گے جن کو پہلے ٹیکہ نہیں لگا۔ ڈاکٹر منیر کا کہنا تھاکہ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ منتخب یونین کونسلوں میں ضروری عملہ تعینات کریں اور ڈاکٹروں کو کسی بھی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار رکھا جائے۔ اس خصوصی مہم میں آٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے تاکہ بچوں کو خسرہ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :