پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، وفاقی وزیر بیرسٹر عثمان ابراہیم

منگل 15 مئی 2018 22:21

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی اور تعاون پر مبنی تعلقات ہیں۔ انہوںنے یہ بات آذربائیجان کے قومی دن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس پرمسرت موقع پر آذربائیجان کے سفیر اور عوام کو مبارکباد دی۔

بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا کہ آذربائیجان نے گذ شتہ 26 سالوں میں اقتصادی، سائنسی، تعلیمی و سماجی ثقافتی شعبوں میں خاطر خواہ ترقی اور پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام اور اقتصادی ترقی میں آذربائیجان کی طرف سے ادا کئے جانے والے کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے جس کی مذہبی اور ثقافتی وابستگیاں بڑی گہری ہیں اور ان دونوں ممالک کی روایات بھی مشترکہ ہیں۔

(جاری ہے)

بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی تبادلہ جات دونوں ممالک کے خصوصی برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کا عزت و احترام کرتے ہیں۔ اس موقع پر بیرسٹر عثمان ابراہیم نے آذربائیجان کے سفیر اور اسلام آباد میں مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں کے ہمراہ مل کر کیک کاٹا۔

متعلقہ عنوان :