ڈپٹی کمشنر حافظ آباد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس

انجمن تاجران، کریانہ فروشان کے نمائندوںکی رمضان بازاروں میں عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ اوپن مارکیٹ سے کم نرخوں پر فروخت کر نے کی مکمل یقین دہانی

منگل 15 مئی 2018 22:21

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد صالحہ سعید کی زیر صدارت ہونے والے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں انجمن تاجران اور کریانہ فروشان کے نمائندوں نے رمضان بازاروں میں عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ اوپن مارکیٹ سے کم نرخوں پر فروخت کر نے کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہاہے کہ انجمن تاجران ضلع کے چاروں رمضان بازاروں میں خصوصی اسٹالز لگائے گی جہاں پر گھی ،آئل ،دالیں ،مصالہ جات ،چاول اور دیگر معیاری اشیائے ضروریہ وا فر اور عام بازار کی نسبت سستی دستیاب ہونگی ۔

ڈپٹی کمشنر نے تاجروں کے تعاون اور رضاکارانہ طور پر اپنے جائز منافع کو بھی کم کرنے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک ایثار اور بھائی چارے کا مہینہ ہے اور محض رضائے الہی کے لئے روزہ داروں کے ساتھ عام صارفین کو ریلیف فراہم کرنے والے خدا اور اس کے رسول پاک ﷺکی خوشنودی کے حق دار ہونگے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اللہ دتہ وڑائچ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اعجاز بھٹہ ،اے سی حافظ آباد امتیاز شاہد گوندل ،اے سی پنڈی بھٹیاں جویریہ مقبول رندھاوا ،اور دیگر اراکین نے شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء کو حکومت پنجاب کے خصوصی رمضان پیکج اور رمضان بازاروں میں فیئرپرائس شاپس پر ملنے والی رعایتی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی تفصیلات بتاتے ہو ئے کہاکہ حکومت نے 10اور 20کلو گرام آٹے کے تھیلے کے نرخ رمضان بازار اور اوپن مارکیٹ کے لئے بالترتیب 250اور 500مقرر کئے ہیں اور سبز رنگ کے خصوصی تھیلے میں یہ آٹا ضلع بھر میں ہر جگہ بآسانی اور وافر دستیاب ہو گا انہوں نے بتایا کہ چینی کے رعایتی نرخ 46روپے کلو گرام مقرر کئے گئے ہیں اور ایک کلو گرام کی پیکنگ میں تمام رمضان بازاروں میں چینی وافر دستیاب ہو گی جبکہ فیئر پرائس شاپس پر مخصوص سبزیاں ،پھل ،کھجور ،بیسن اور دالیں ہول سیل ریٹ اور اس سے بھی کم نرخوں پر فراہم کی جائیں گی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں رمضان بازاروں کے لئے چھوٹے گوشت کے نرخ اوپن مارکیٹ کے مقابلہ میں 20 روپے فی کلو گرام جبکہ بڑے گوشت کے نرخ 10روپے فی کلو گرام کم ہونگے اور چاروں بازاروں میں چھوٹا گوشت 580اور بڑا گوشت 290 فی کلو گرام فروخت کیا جایئگا۔

چاول کائنا ت رمضان بازار میں 95جبکہ اوپن مارکیٹ میں 105روپے فی کلو گرام چاول 386 رمضان بازار میں 55 اور اوپن مارکیٹ میں 65 ، دال چنا باریک رمضان بازار میں 79 ، اوپن مارکیٹ میں 83 ، دال چنا موٹی رمضان بازار میں 85 اور90 ، دال ماش دھلی ہوئی 125اور128، دال مونگ دھلی ہوئی80اور83، دال مونگ چھلکے والی80اور83، دال مسور موٹی 64اور66، دال مسور باریک100اور105، سفید چنے کینیڈا 117اور120، سفید چنے دیسی 90اور94، سیاہ چنے 90اور94، روٹی 6 روپے (100گرام) ،سرخ مرچ 235 اور 240، دودھ فی لیٹر 65، دہی فی کلو گرام 70، بیسن 84 اور 86، اور سموسہ فی عدد 10روپے میں فروخت کیا جائیگا۔

ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران اور نمائندوں کو بالخصوص ہدایت کی کہ منڈیوں میں پھلوں ، سبزیوں کی شفاف بولی کے ذریعے ان کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی لائی جائے۔ انجمن تاجران / کریانہ فروشان کے عہدہ داروں نے یقین دہانی کرائی کہ رمضان بازاروں میں لگائے جانے والے اسٹالوں پر معیاری اشیائے خوردو نوش وافر دستیاب ہونگی اور وہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔