جماعت اسلامی نے پشاور کے لیے قومی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کردیا

ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، حاجی ہدایت اللہ اور صابرحسین اعوان شامل

منگل 15 مئی 2018 22:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور وسابق ممبرقومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے اراکین جماعت اسلامی ، ضلعی شوریٰ اورصوبائی پارلیمانی کمیٹی سے رائے ومشاورت کے بعد جماعت اسلامی کی طرف سے قومی اسمبلی کے اُمیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا جس میں این اے 27سے حاجی ہدایت اللہ خان ، این اے 28سے صابرحسین اعوان ، این اے 29حاجی نیاز محمد ، این اے 30ڈاکٹر محمد اقبال خلیل اور این اے 31محمد صدیق الرحمن پراچہ قومی اسمبلی کے اُمیدوار ہونگے۔

(جاری ہے)

صابرحسین اعوان نے امیدواران کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پرانے حلقوں کے مطابق پہلے بھی اراکین جماعت سے رائے لی گئی تھی لیکن نئی حلقہ بندیوں کے بعد جماعت اسلامی نے دوبارہ اراکین جماعت اسلامی سے رائے لی اور ہر حلقے سے تین ناموں کوصوبائی پارلیمانی کیمٹی کو بھیج دی تھی جس میں فائنل ناموں کا اعلان کردیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بہت جلد صوبائی اسمبلی کے امیدواران کا بھی اعلان کردیا جائے گا۔