نوازشریف کا بیان وطن عزیز پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہے، فوری واپس لیں، مولاناسمیع الحق

منگل 15 مئی 2018 22:26

اسلام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے ممبئی حملوں کے متعلق دیئے گئے متنازعہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ بیان وطن عزیز پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہے۔ مولاناسمیع الحق نے کہا کہ نواز شریف فی الفور اپنا بیان واپس لیں بصورت دیگردفاع پاکستان کونسل سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اکٹھا کر کے بھرپور احتجاجی تحریک چلائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے متنازع انٹرویو سے انڈیا کو شہ ملی اوراسے پوری دنیا میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کا موقع ملا ہے بھارت کی کوشش ہے کہ وہ بین الاقوامی فورمز پر اس معاملہ کو اٹھائے اور پاکستان کے خلاف دباوبڑھایا جا سکے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اس وقت جو رویہ اختیار کر رکھاہے وہ انتہائی افسوسناک ہے اورنواز شریف کے اس بیان سے پاکستان کی مشکلات بڑھی ہیں اور انڈیا کو اپنی مذموم سازشیں اور ایجنڈے پروان چڑھانے کا موقع ملا ہے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر دہشت گرد ملک قرار دلوایا جائے نواز شریف کی حالیہ متنازعہ بیان بازی سے انڈیا بھرپور فائدہ اٹھا رہاہے،ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان بازی پاکستان پر بین الاقوامی پابندیاں لگوانے کی سازشوں کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بجائے گمراہ کن بیان کے دفاع میں مصروف ہیں۔ بھارتی خوشنودی کیلئے اس قسم کے انٹرویو دے کر دشمن کے ہاتھ مضبوط کئے جارہے ہیں۔۔۔۔اعجاز خان