پشاور،جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام شمالی وزیرستان میں سابق ایم این اے مولانا دیندار کے بیٹے مولانا موسی کلیم اور ساتھیوں کی شہادتوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

منگل 15 مئی 2018 22:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) جمعیت علماء اسلام ضلع پشاور اور فاٹا کے زیراہتمام وزیرستان کے سابق ایم این اے مولانا دیندار کے بیٹے مولانا موسی کلیم اور ساتھیوں کی شہادتوں کیخلاف گزشتہ روزپشاورپریس کلب کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرے کی قیادت جے یو آئی ضلع پشاور کے امیر مولانا خیر البشر، جنرل سیکرٹری مولانا سعید جان،ضلعی ترجمان مولانا حسین احمد مدنی ایڈووکیٹ، وزیرستان کے ایم این اے مولانا جمال الدین،ترجمان فاٹا احمد سعید،قاری جہاد شاہ اور مولانا سلطان آف وانا کر رہے تھے مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈزاوربینرز اٹھا رکھے تھے جن پرانکے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے اس موقع پر مظاہرین نے بھر پور نعرہ بازی بھی کی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شمالی وزیرستان میں حالیہ جاری وحشت ناک ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی اور کہا کہ سابق ایم این اے مولانا دیندار کے بیٹے موسی کلیم اور عبدالقیوم کے سفاک قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور وزیرستان کی پر امن فضا کو فوری طور پر بحال کیا جائے تمام مسمار شدہ بازاروں اور مکانات کے معاوضہ جات کو جلد ادا کیا جائے اور تمام تعلیمی اداروں کو فوراکھولا جائے۔