پاکستان اور نیپال کے درمیان علم وادب کے فروغ کے لئے باہمی تعاون کا اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ طے پاگیا

منگل 15 مئی 2018 22:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) پاکستان اور نیپال کے درمیان علم وادب کے فروغ کے لئے باہمی تعاون کا اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ طے پاگیا ۔ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں پاکستان اور نیپال کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخطوں کی تقریب ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے اکادمی ادبیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید جبکہ نیپال کی طرف سے اکادمی نیپال کے وائس چانسلر نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیپال میں پاکستان کے سفیر مظہر جاوید، قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے بین الاقوامی امور کے افسر نوشاد خالق اور نیپال کے حکام بھی موجودتھے۔ ایم او یو پر عمل درآمد کے لئے دونوں ممالک کے حکام آئندہ سال کی حکمت عملی کی تیاری پر فوری کام کا آغاز کریں گے جس کے تحت انگریزی زبان میں شائع شدہ پاکستانی تصانیف کا نیپالی لغت میں ترجمہ کیاجائے گا۔ پاکستانی سفیر مظہر جاوید نے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن اور اکادمی ادبیات پاکستان کی کاوش کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان علم وادب کے شعبہ میں فروغ کے معاہدہ کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ علم وادب کے شعبے میں تعاون سے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :