پبلک پرائیویٹ سکولز اتھارٹی کے افسران کو کھلی کچہری میں بیٹھنے کی ہدایت

منگل 15 مئی 2018 22:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء)پرائیوٹ سکولوں کے حوالے سے عوامی شکایات سننے کے لئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے پبلک پرائیویٹ سکولز اتھارٹی کے افسران کو کھلی کچہری میں بیٹھنے کی ہدایت کی ہے۔اس حوالے سے پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ سے متعلقہ محکمے کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مراسلے کے مطابق پرائیویٹ سکولوں کے حوالے سے تمام تر شکایات سننے اور فوری ایکشن لینے کے لئے متعلقہ محکمے کا افسر کھلی کچہری میں عوامی شکایات سن کر فوری حل کے لئے اقدامات اٹھائے گا۔

اس ضمن میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے جس میں ڈپٹی کمشنرز کو اپنے متعلقہ ضلع میں پرائیویٹ سکولوں کے حوالے سے عوامی شکایات کو صوبائی حکومت کی ہدایات و عدالتی حکم کی روشنی میں عمل درآمد کو ممکن بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ مراسلے میں شہریوں کو بھی اپنی شکایات کو خیبر پختونخوا سیٹیزن پورٹل ایپلیکیشن کے ذریعے چیف سیکرٹری آفس بھیجنے کا کہا گیا ہے۔