ملک میں منصفانہ الیکشن کرانالیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے ، ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) شکیل احمد بلوچ

منگل 15 مئی 2018 22:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) بلوچستان سے ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) شکیل احمد بلوچ نے کہاہے کہ ملک میں منصفانہ الیکشن کران الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے ،اور الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے پر ممکن اقدامات کررہاہے ،جن میں پولنگ عملے کی تربیت ،آراوز اور ڈی آر او ز جوڈیشری سے تعینات کرنا اور دیگر اقدامات شامل ہیں ،انہوں نے یہ بات کوئٹہ کے ایک مقامی ہوٹل میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہاکہ آئین کی آرٹیکل 218کے تحت ملک میں منصفانہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے جس کو پورا کرنے کیلئے الیکشن کمیشن ،وفاق اور صوبائی حکومتوں سے مدد لیتا ہے اور انہی فرائض کی انجام دہی میں عدلیہ ہمیشہ الیکشن کمیشن کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے ،الیکشن ایکٹ 2017 میں تمام انتخابی قوانین کو انتظامی وقانونی ضروریات کے مطابق تبدیل وتجدید کیا کیا ہے ،اب الیکشن ایکٹ 2017کے سیکشن 12کے تحت ٹریننگ انتخابی قوامین کا ایک ضروری جز بن چکا ہے ،یعنی جتنے بھی اہل کاروں کی انتخابات میں ڈیوٹی لگائی جائیگی ،ان کی ٹریننگ کو ضروری کردیا گیا ہے آج کی ٹریننگ بھی اس سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد نئے انتخابی قوانین کے تحت ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو تفویض شدہ فرائض سے آگاہ کرانا ہے تاکہ آئینی ذمہ داریوں کو احسن اور غیر جانبدارانہ طریقے سے سرانجام دیا جاسکے اور ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو ممکن بنایا جاسکے ،دریں اثناء صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نیاز احمد بلوچ نے تقریب میں شامل تمام 34ڈی آر او ز سے حلف لیا ،بعد ازاں خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئین پاکستان الیکشن کمیشن کو یہ اختیارات دیتا ہے کہ الیکشن منصفانہ انعقاد کیلئے ایسے تمام اقدامات کئے جائیں کہ امیدواروں کو الیکشن میں حصہ لینے کیلئے یکساں سہولتیں اور مواقع میسر ہوں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس جمہوری عمل میں حصہ لے سکیں ،الیکشن کمیشن انتخابی عمل کو آزادانہ ،شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے متعدد اقدامات کررہاہے ،الیکشن کمیشن نئی ٹیکنالو جی آر ٹی ایس اور آر ایم ایس کا استعمال بھی کررہاہے تاکہ الیکشن کو قابل اعتماد اور غلطیوں سے پاک بنایا جاسکے ،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسیر کی ایک روزہ ٹریننگ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد انہیں اپنے فرائض سے روشناس کرانا ہے ،الیکشن کمیشن کی جان سے ضلعی الیکشن کمشنرز ڈی آر اوز کو ذمہ داریاں سرانجام دینے میں ہرممکن مدد فراہم کریں گے ،اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ الیکشن کے اس عمل کو منصفانہ طریقے سے سرانجام دیں ،تقریب کے آخر میں ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) شکیل احمد بلوچ نے شرکاء میں اسناد تقسیم کئے ۔