نواز شریف عام انتخاب سے قبل اپنے اوپر لگائے کیسز سے توجہ ہٹانے کیلئے ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں

مسلم کانفرنس کاآزاد کشمیر بھرمیں ممبئی حملوں کے حوالے سے نوازشریف کے کیخلاف شدید احتجاج مظفرآباد ، میرپور، کوٹلی ، دھیر کوٹ ، راولاکوٹ ، باغ ، نیلم ، ہٹیاں بالا ، بھمبر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے

منگل 15 مئی 2018 22:54

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) نواز شریف پاکستان میں عام انتخاب سے قبل اپنے اوپر لگائے کیسز سے توجہ ہٹانے کے لئے ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں جس پر آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس نے آزاد کشمیر بھرمیں ممبئی حملوں کے حوالے سے نوازشریف کے بیان پر شدید غم و غصہ کا اظہارکرتے ہوئے مظفرآباد ، میرپور، کوٹلی ، دھیر کوٹ ، راولاکوٹ ، باغ ، نیلم ، ہٹیاں بالا ، بھمبر میں احتجاجی مظاہرے کیے ، نواز شریف کے خلاف ملک سے غداری کے خلاف مختلف تھانوں میںمقدمے درج کروائے ۔

گزشتہ روز سٹی تھانہ اورسول سیکرٹریٹ تھانہ میں درخواستیں جمع کروانے کے بعد مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید غلام مرتضیٰ علی گیلانی ، دیوان علی خان چغتائی ، شمع ملک ،راجہ ثاقب مجید ، میر عتیق الرحمان، خواجہ محمد شفیق ، سمیعہ ساجد،انصر پیر زادہ ، بشارت مغل ، میر امتیاز، سجاد انور عباسی ، یاسر نقوی ،راجہ بشیر خان ، راجہ عاقب سفیر ، راجہ احسان ، راجہ محسن مجید ، سید احسان شاہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ممبئی حملوں کے متعلق بیان کو پاکستان اور کشمیریوں کے متفقہ مفادات کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے دشمن کے ہاتھ مضبوط کئے ہیں جو ناقابل مذمت ہے ، مسلم کانفرنس ممبئی حملوں سے متعلق نوازشریف کے بیان کو مسترد کرتی ہے میاں محمد نواز شریف کا بیان جھوٹ پرمبنی ہے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ، نواز شریف خود کی کرپشن کو اور اپنے اوپر بننے والے کیسوں سی توجہ ہٹانے کے لئے اوچھے اور ملک دشمن ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں نوازشریف جان لیں کہ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کا خونی رشتہ ہے جس رشتہ کو ختم کرنے کے لئے وہ دوقدم نہیں بلکے چار قدم آگے نکل چکے ہیں ، مسلم کانفرنسی رہنمائوں نے کہا کہ نواز شریف کے بیان سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے جس طرح بھارتی میڈیا نے نواز شریف کے بیان کو لیا ہے کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کی نہیں بلکہ دہشت گردوں کی تحریک ہے اورممبئی حملے پاکستان نے کرائے ،نواز شریف کے اس بیان سے پاکستان کی ساکھ اور تحریک آزاد کشمیر کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی آزاد کشمیر کی تمام سیاسی قیادت پرزورمذمت کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے بھارت سمیت کئی طاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں نواز شریف نے بیان دے کران قوتوں کے ہاتھ مذید مضبوط کر دیئے ہیں مسلم کانفرنس میاں محمد نوازشریف کے غداری کے مرتکب ہونے والے بیان کی پرزورمذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے ۔