امریکہ نے القدس میں سفارت خانہ منتقل کر کے اقوا م متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ‘14مئی اسرائیل نے فلسطین پر ناجائز قبضہ کیا جو نا قابل قبول ہے‘قبلہ اول سوا ارب مسلمانوں کے ایمان کا مسئلہ ہے ‘آزادی پوری امت پر فرض ہے ‘او آئی سی کا قیام ہی القدس کی آزادی کیلئے ہوا تھا ،او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلا کر القدس کی آزادی کا لائحہ عمل طے کیا جائے

جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 15 مئی 2018 22:56

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ امریکہ نے القدس میں اپنا سفارت خانہ منتقل کر کے اقوا م متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے ،14مئی اسرائیل نے فلسطین پر ناجائز قبضہ کیا جو نا قابل قبول ہے،قبلہ اول سوا ارب مسلمانوں کے ایمان کا مسئلہ ہے ،اس کی آزادی پوری امت پر فرض ہے ،او آئی سی کا قیام ہی القدس کی آزادی کے لیے ہوا تھا ،او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلا کر القدس کی آزادی کا لائحہ عمل طے کیا جائے ،تمام اسلامی ممالک اتحاد و یکجہتی کے ذریعے مسئلے کے حل کے لیے کردارادا کریں،ان خیالات کااظہا ر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ قابض اسرائیلی افواج کی طرف سے 55فلسطینیوں کی شہادت اور اڑھائی ہزار سے زائد زخمی انسانی حقوق کے دعوے داروں کے لیے بڑا چیلنج ہے ،جانوروں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کی زبانیں اور آنکھیں کیوں بند ہو چکی ہیں ،انہوں نے کہاکہ ایک منظم سازش کے تحت امت مسلمہ کے درمیان اختلافات پید ا کر کے مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے ،فلسطین ،کشمیر،روہنگیا ،شام ،عراق ہر جگہ مسلمان مظلومیت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں امت مسلمہ کو اتحاد و اتفاق پیدا کر کے القدس کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،شہداء کے مقدس لہو کے صدقے اہل فلسطین آزادی حاصل کریں گے۔