مخیر حضرات دل کھول کر زکوٰة ادا کریں ’نذیر گیلانی ‘ الطاف سیفی

منگل 15 مئی 2018 22:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) مہتمم جامعہ غوثیہ رضویہ مظفرآباد و صدر تنظیم المدارس اہلسنت آزادکشمیر پیر سید نذیر حسین گیلانی اور مہتمم دارالعلوم سیف الاسلام و ناظم اعلیٰ تنظیم المدارس اہلسنت آزادکشمیر مولانا محمد الطاف حسین سیفی نے ریاست کے تمام مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ زکوٰة و عشر آزادکشمیر کیساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے اپنے بنک اکاونٹس میں موجود مال اور مال تجارت کی زکوٰة محکمہ کے اکائونٹ میں جمع کرائیں ۔

محکمہ زکوٰة مستحقین کی مالی مدد کے علاوہ دینی مدارس اور علاج معالجہ کیلئے خطیر رقم انتہائی شفاف انداز سے خرچ کررہا ہے۔ بعض لوگ محکمہ زکوٰة وعشر کے حوالہ سے منفی پراپیگنڈہ پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

حالانکہ محکمہ زکوٰة و عشر معذور افراد کے اعضاء کی پیوند کاری ‘ سکولوں اور کالجوں کے طلبہ کے وظائف اور غریب و مستحق لوگوں کی کفالت کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے ۔

اس لئے ریاست کے جملہ مخیر حضرات اپنے مال کی زکوٰة محکمہ زکوٰة و عشر کے پاس جمع کروائیں کیونکہ محکمہ ان کی رقوم امانت کے طور پر شفاف طریقے سے مستحقین زکوٰة تک پہنچانے کا انتظام کرتا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ تمام سیاسی قائدین ‘ حکومت واپوزیشن میں موجود سیاسی جماعتیں محکمہ زکوٰة و عشر کو مضبوط کرنے کیلئے کردار ادا کریں ۔ لوگوں کو زکوٰة کے درست استعمال کی طر ف راغب کیا جائے ۔ جب محکمہ کے پاس بھاری مقدار میں زکوٰة و عطیات جمع ہو نگے تو محکمہ بہتر طریقے سے مستحقین کی معقول مالی امداکرسکے گا۔