سیاستدانوں پر غداری کے ٹھپے لگانا افسوسناک ہے ، سینیٹر شیخ عتیق

نواز شریف کا موقف اس سے پہلے بھی دس لوگ اپنا چکے ہیں ، کسی کے بیان پر اتنا واویلا نہیں مچایا گیا،اگر کوئی قومی کمیشن بنایا بھی جاتا ہے تو پھر اس میں نواز شریف سمیت باقی سب لوگوں کو بھی پیش ہونا پڑے گا جو اس طرح کے بیانات پہلے دے چکے ہیں، پا کستان اس پوزیشن میں ہی نہیں تھا کہ کرنل جوزف کو روک سکتا متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر شیخ عتیق کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 15 مئی 2018 23:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینیٹر شیخ عتیق نے کہا ہے کہ سیاستدانوں پر غداری کے ٹھپے لگانا افسوسناک ہے ،نواز شریف کا موقف اس سے پہلے بھی دس لوگ اپنا چکے ہیں لیکن کسی کے بیان پر اتنا واویلا نہیں مچایا گیا،اگر کوئی قومی کمیشن بنایا بھی جاتا ہے تو پھر اس میں نواز شریف سمیت باقی سب لوگوں کو بھی پیش ہونا پڑے گا جو اس طرح کے بیانات پہلے دے چکے ہیں، پاکستان اس پوزیشن میں ہی نہیں تھا کہ کرنل جوزف کو پاکستان روک سکتا۔

وہ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک قومی لیڈر ہیں جو 3بار ملک کو وزیر اعظم بھی رہ چکے ہیں۔نواز شریف نے جو موقف اب اپنایا ہے اس سے پہلے بھی دس لوگ یہ موقف اپنا چکے ہیں لیکن کسی کے بیان پر اتنا واویلا نہیں مچایا گیا جو اب مچایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے جو قومی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے اس پر پارلیمنٹ نے فیصلہ کرنا ہے۔

اگر کوئی قومی کمیشن بنایا بھی جاتا ہے تو پھر اس میں نواز شریف سمیت باقی سب لوگوں کو بھی پیش ہونا پڑے گا جو اس طرح کے بیانات پہلے دے چکے ہیں۔ دیکھنا ہو گا کہ آیا نواز شریف نے ایسی بات کی جیسی بتائی جا رہی ہے یا یہ صرف ایک غلط رپورٹنگ تھی۔ سیاستدانوں پر غداری کے ٹھپے لگانا افسوسناک ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ کاروائی سب کے خلاف ہونے چاہیے نا کہ صرف ایک شخص کے خلاف۔ پاکستان اس پوزیشن میں ہی نہیں تھا کہ کرنل جوزف کو پاکستان روک سکتا۔ ان کو روکنے کی جو تھوڑی بہت کوششیں کی گئیں یہ بھی حوصلہ افزا ہیں