آئندہ عام انتخابات کا انعقاد ہمارے ملک کے سیاسی مستقبل و استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے،جسٹس (ر) ارشاد قیصر

منگل 15 مئی 2018 23:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) خیبرپختونخوا سے ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کا انعقاد ہمارے ملک کے سیاسی مستقبل اور استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے۔ وہ پشاور کے نجی ہوٹل میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقریب حلف برداری اور ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آزادانہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے اور اس میں ڈی آر اوز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،الیکشن ایکٹ 2017انتخابی اصلاحات کی جانب اہم قدم ہے جس نے الیکشن کمیشن کو مزید بااختیار بنایا ہے۔

جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے مزید بتایا کہ الیکشن کی حساسیت اور منصفانہ انعقاد کو مدنظر رکھ کر عدلیہ سے ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی الیکشن ایکٹ 2017کے تحت عمل میں لائی گئی ہے جو کہ نہ صرف عدلیہ پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

بلکہ ملک میں شفاف انتخابات کے لئے راہ ہموارکریگی۔انہوں نے کہا کہ اس ایکٹ کے تحت انتخابی اہلکار اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے حلف اٹھائیںگے۔

جس سے نہ صرف ان کو اپنی ذمہ داریوں کی سنجیدگی کا احساس دلاتا رہیگا۔ بلکہ انتخابی عمل میں عوام کے اعتماد میں اضافہ کریگا۔ انہوں نے ڈی آر اوز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لسٹ آف پولنگ اسٹیشنکی تیاری، پولنگ عملہ کی تعیناتی اور اس کی منظوری دینا آپ کی نگرانی میں ہوگی۔ جبکہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان کی صورتحال کی مجموعی نگرانی بھی ڈی آراوز کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ڈی آر اوز آئیندہ اتخابات میں اپنے کردار سے الیکشن کمیشن کے لئے ممد ثابت ہونگے تا کہ الیکشن کمیشن ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنا سکے۔ دریں اثنا ء صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا پیر مقبول احمد نے ڈی آر اوزسے حلف لیا۔ بعدازاں اپنے خطاب اور میڈیا کے نمائیندوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات سے کسی کو انکار نہیں ۔

کہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہی ملکی ہم آہنگی اور استحکام کے لئے ضروری ہیں۔ جن کے ذریعے ہم ایک مضبوط قوم بن سکتے ہیں،اس لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے مختلف اقدامات اُٹھائے ہیں جس کی وجہ سے آئندہ عام انتخابات بہتر سے بہتر انداز میں منعقد کرانیکی کوشش کی جائیگی کیونکہ پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن پر لگی ہیں ۔

جو کسی چیلنج سے کم نہیں،لیکن انشاء اللہ ہم سب ملکر انتخابات کو عوامی توقعات کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے واضح رہے۔ کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا کے 25اضلاع میں تعینات ڈسٹرکٹ سیشن ججز جبکہ فاٹا کے ہر ایجنسی کے پولٹیکل ایجنٹ کو بطور ڈی آر او تقرری کا اعلامیہ جاری کیا ہے جس کو آج ایک روزہ تربیت بھی دی جائیگی۔اس کے بعد تمام آر اوز کو بھی مرحلہ وار تربیت دی جائیگی۔تقریب حلف برداری میں ایڈیشنل سیکرٹری ( ٹرینگ) ظفر اقبال حسین، دائریکٹر الیکشن شہزاد احمد ، ڈائریکٹر جینڈر افیئرز محمد ہارون شینواری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔