عنایت اللہ خان نے ہی محکمہ بلدیات میںشفافیت کو یقینی بنانے ، ریونیومیں اضافے ، آن لائن ٹینڈرنگ ، اور انجینئر ز برانچ بنائی

لوکل گورنمنٹ آفیسر ز ایسوسی ایشن کیطرف سے دی جانیوالی الوداعی تقریب میں سابق وزیر بلدیات کو خراج تحسین پیش کیا ہم لوگوں کے مفاد کیلئے ہی کام کرتے رہے ہیں ،ہمارا کوئی ذاتی مفاد اس میں شامل نہیں ہوتا، عنایت اللہ خان

منگل 15 مئی 2018 23:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) سابق سینئر وزیر بلدیات و پارلیمانی لیڈ رجماعت اسلامی عنایت اللہ خان کے اعزاز میں لوکل گورنمنٹ آفیسر ز ایسوسی ایشن کی طرف سے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صوبہ بھر کے ٹی ایم اوز ، انجینئر ز ، اکائونٹس آفیسر ز اور پی یو جی ایف اور نان پی یو جی ایف ملازمین نے شرکت اور عنایت اللہ خان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات ، چیف انجینئر بلدیات اصغر خان ، صدر آفیسر ایسو سی ایشن احسان اللہ خان ، سینئر نائب صدر عالمزیب خان ،ڈپٹی سیکرٹری میاں شفیق الرحمان ، اورنگزیب خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجو دتھے ۔ اس موقع پر مقررین نے عنایت اللہ خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ عنایت اللہ خان نے محکمہ بلدیات میںشفافیت کو یقینی بنانے ، ریونیومیں اضافہ ، انجینئر ز برانچ کا قیام ، بلدیاتی انتخابات اور اختیار ات اور فنڈز کی نچلی سطح پر منتقلی ، عوامی شکایات کے ازالہ کے لیے اقدامات ، آن لائن ٹینڈرنگ ، آن لائن ٹھیکوں کی نیلامی اور دیگر اقدامات اٹھائے جس سے نہ صر ف شفافیت کو یقینی بنایا گیا بلکہ محکمے کے عزت اور وقار میں بھی اضافہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے محکمہ بلدیات کے سیکرٹریز اور آفیسر ز کے ساتھ دوستانہ تعلقات ، انڈراسٹینڈنگ رہی اور تمام ملازمین کو ذاتی پسند ناپسند کے بجائے صلاحیتوں کے بنیاد پر جگہ دی ۔ انہوںنے کہاکہ عنایت اللہ خان نے محکمہ بلدیات کے ملازمین کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی ہے اور امید ہے کہ وہ مستقبل میںبھی ہماری اخلاقی اور انتظامی سپورٹ جاری رکھیں گے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے کہا کہ ہم لوگوں کے مفاد کے لیے کام کرتے رہے ہیں ہمارا کوئی ذاتی مفاد اس میں شامل نہیں ہے ، ہمارے دور میں بہت سی اصلاحات ہوئی ہیں لیکن بہت سی چیزیں رہ گئی ہیں جس کو ہم کرنا چاہتے تھے لیکن یہ ایک ارتقائی اور ابتدائی مرحلہ ہے اور محکموں کے ٹھیک ہونے میں وقت لگتا ہے، محکمہ بلدیات ایک طاقتور محکمہ ہے جو حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر سکتی ہے،ہم نے محکمہ بلدیات کے عزت و وقا رمیں اضافہ کیا ہے، ملک میں جمہوریت کی استحکام کے لیے بلدیاتی انتخابات کا تسلسل ناگزیر ہے بلدیاتی اداروں کو تسلسل ملے گا تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی اور سیاست کو نیا خون بھی ملتا رہے گا، گزشتہ 70 برسوں میں پاکستان بننے کے بعد مقامی حکومتوںکو جتنا فنڈز ملا ہے اس سے زیادہ ہم نے گزشتہ تین سالوں میںمقامی حکومتوں کو دیا ہے جو کہ 80 ارب روپے بنتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں سب سے مضبوط اور بہترین بلدیاتی نظام ہم نے دیا ہے جس کو بین الاقوامی اداروں نے بھی سراہا ہے میں اس نظام کا مستقبل بہتر دیکھ رہا ہوں ۔انہوںنے کہا کہ محکمہ بلدیات کے ملازمین کے لیے سروس اسٹرکچر ضروری ہے جس پر ہم نے بہت کام کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تمام آفیسرز اور ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے وژن کو لے کر ساتھ دیا اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں ہماری مدد کی ۔ تقریب کے اختتام پر سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات اور آفیسر ز ایسوسی ایشن کے صدر احسان اللہ خان نے عنایت اللہ خان کو شیلڈ پیش کیے ۔