خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،8فیکٹریوں سربمہر ، ناقص صافی صورتحال پر نو لاکھ روپے کے جرمانے

منگل 15 مئی 2018 23:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے صوبہ بھر میں کاروائی کرتے ہوئے آٹھ مختلف فیکٹریوں کو سربمہر کردیا جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر نو لاکھ روپے کے جرمانے بھی وصول کیے ۔ ترجمان کے پی فود اتھارٹی عطااللہ خان کیمطابق ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن شاہانہ خلیل کی سربراہی میں کے پی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے حیات آباد انڈسٹریل میں کاروائی کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر اشیائے خوردونوش کی پانچ فیکٹریوں کو تالے لگادیے جبکہ فوڈ سیفٹی ایکٹ کی خلاف ورزی پر مختلف ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ سے پانچ لاکھ کے جرمانے وصول کئے گئے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایبٹ آباد میں بھی دو واٹر پلانٹس کو گندے پانی کے استعمال اور صفائی کی ابتر صورتحال پر سربمہر کیا گیا جبکہ ہاسٹل کینٹینوں اور نجی سکولوں سے جرمانے کی مد میں دو لاکھ روپے وصول کئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح سوات میں میں بھی غیرمعیاری آئس کریم کے دو یونٹس کو سیل کردیا جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر مختلف بیکرزاور شاپنگ مالز سے ڈیڑھ لاکھ کے جرمانے وصول کئے گئے۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مردان میں بھی غیرمعیاری چپس بنانے والی دو فیکٹریوں کو سیل کیا گیا جبکہ غیرمعیاری اور زایدالمیعاد اشیا کی فروخت پر دو میگا مارٹس کو پچھتر پچھتر ہزار کے پرچے تھمادیے۔ ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کوہاٹ میں اشیائے خوردونوش سے وابستہ افراد نے فوڈ آئٹمز پر اب لیبل لگانے شروع کردئے ہیں جبکہ کچھ انڈسٹریز کو ٹائم دیا گیا تاکہ وہ اپنے پروڈکٹس کو پیک یا ٹین کی صورت میں مارکیٹ میں پیش کرے۔ واضح رہے کہ کے پی فوڈ اتھارٹی نے اشیائیخوردونوش اور اس سے منسلک اشیا پیکنگ کے بغیر فروخت کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔