ڈپٹی وزیر خارجہ افغانستان حکمت خلیل کرزئی کی آفتاب احمد خان شیرپائو سے ملاقات

خطے میں امن کے قیام اور دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری لانے کیلئے موجودہ فریم ورک پر تفصیلی گفتگو

منگل 15 مئی 2018 23:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے اسلام آباد میں قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین اور پاک افغان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنوینئر آفتاب احمد خان شیرپائو سے ملاقات کی ۔اس دوران دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں امن کے قیام اور دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری لانے کیلئے موجودہ فریم ورک پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے خطے میں امن کو تقویت ملے گی۔

آفتاب شیرپائو نے پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ افغانستان کے دوران افغانستان ،پاکستان امن اور یکجہتی کیلئے ایکشن پلان کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک میں خوشگوار تعلقات کے قیام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے سات نکات کو خطے کے امن اور خوشحالی کیلئے پر امید قرار دیا اور کہا کہ اس کے دوررس نتائج برآمد ہو ں گے، دونوںممالک کے مابین تمام سطحوں پر بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ بد اعتمادی اور غلط فہمیوں کا مکمل طور پر خاتمہ ہو سکے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیاں مشترکہ اقتصادی تعاون انتہائی ضروری ہے جس کیلئے پاکستان اور افغانستان کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا،افغانستان سے پھلوں اور دیگر ضروری اشیاء کی پاکستان درآمدات پر ڈیوٹی میں کمی کو خوش آئند قرار دیااور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کی تجارت کو مزید تقویت ملے گی۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ جب افغانستان میں حالات بہتر ہوجائیں گے تو افغان مہاجرین کی واپسی عزت و احترام سے ممکن ہو گی۔