اسرائیل ،امریکہ اوراقوام متحدہ تینوں اہل فلسطین کی نسل کشی کے ذمہ دارہیں،حافظ طاہرمجید

بدھ 16 مئی 2018 00:00

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل ضلع حیدرآبادکے رہنمائوں نے کہاہے کہ اسرائیل ،امریکہ اوراقوام متحدہ تینوں اہل فلسطین کی نسل کشی کے ذمہ دارہیں ۔امریکہ سفارت خانہ منتقل کرنا بیت المقدس چھیننے کے مترادف ہے فلسطینیوں پر ظلم وستم کی شدیدمذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کااظہارایم ایم اے کے اجلاس میں رہنمائوں نے کیا۔

ایم ایم اے کااجلاس مرکزتبلیغ اسلام شاہ مکی روڈ پر امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآبادوصدرمتحدہ مجلس عمل حافظ طاہرمجیدکی زیرصدارت ہوا اجلاس میں سینئرنائب صدرجمن شاہ کاظمی،نائب صدورحافظ خالدحسن دھامرہ، عبدالقیوم شیخ، ڈاکٹرسیف الرحمن اورسیکرٹری اطلاعات عابد نورانی، خازن عبدالعزیزراجپوت، محمدشہزادودیگرشریک تھے۔

(جاری ہے)

حافظ طاہرمجیدنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنوں کی نادانی اور دشمنوں کی سازشوں کی وجہ سے عالم اسلام مظالم کاشکارہے۔

امریکہ، اسرائیل اور بھارت مسلمانو ں کے کھلے دشمن ہیں امریکہ نے فلسطین پر اسرائیل کی70 سالہ ناجائز قبضے مکمل ہونے کے بعداپنا سفارت خانہ تل ابیب سے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس منتقل کرکے عالم اسلام کے خلاف اپنے ناپاک عزائم کااظہارکیاہے لیکن افسوس اوآئی سی اور عرب لیگ اورمسلم حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جس قدرردعمل ان کی جانب سے آناچاہیے تھانہیں آتاامت مسلمہ کے مسائل کے ذمہ دارنادان ،نااہل اوربے شعورحکمران ہیں جب تک دردِدل رکھنے والے افرادحکمران نہیں بنتے ملکی اورعالمی حالات ہمارے لئے بہترنہیں ہو سکتے اس کیلئے عوام کوچاہئے کہ وہ دیانت دار افرادکو اپنے لئے منتخب کریں۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل انتخابات میں بھرپورحصہ لے گی اورقوم کوبہترین قیادت دے گی۔