سعودی عرب ، لیبر مقدمات کی سماعت کے لئے 7 نئی عدالتوں 96 چیمبرز کی منظوری

بدھ 16 مئی 2018 10:40

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) سعودی عرب کی سپریم جوڈیشل کونسل نے ملک کے بڑے شہروں میں 7 لیبر عدالتوں اور 96 لیبر چیمبرزکے قیام کی منظوری دے دی ۔العربیہ ٹی وی کے مطابق کونسل کے سیکرٹری جنرل سلمان الناشوان نے بتایا ہے کہ یہ ایک طویل المیعاد منصوبے کا پہلا مرحلہ ہے۔

(جاری ہے)

7 لیبر عدالتیں ریاض ، مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، البریدہ ، الدمام ، ابھا اور جدہ میں قائم کی جائیں گی اور ملک بھر میں عام عدالتوں اور اپیل عدالتوں ہی میں لیبر چیمبرز قائم کئے جائیں گے۔

انھوں نے بتایا ہے کہ وزارتِ محنت اور سماجی ترقی کی جانب سے لیبر تنازعات سے متعلق فراہم کردہ اعدادوشمار کی روشنی میں مختلف شہروں میں لیبر چیمبرز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس منصوبے کا مقصد افرادی قوت کو بااختیار بنانا ہے۔ لیبر عدالتیں ستمبر میں اپنا کام شروع کردیں گی۔