امریکی وزیر خارجہ کا رمضان المبارک کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے نام تہنیتی پیغام

بدھ مئی 10:40

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2018ء) امریکا کے وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا ہے کہ وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو امن اور رمضان المبارک کی برکتوں کے لئے دعاگو ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ رمضان کا مہینہ ادب و احترام، فیاضی و سخاوت اور روحانی مشاہدہ نفس کا وقت ہے۔ رمضان المبارک کمیونٹی سے محبت بانٹے کا بھی مہینہ ہے اور اکثر و بیشتر اس مہینے میں خاندان اور دوستوں سے دوبارہ رابطے بحال کئے جاتے ہیں۔

یہ مہینہ مسلمانوں کو یہ درس دیتا ہے کہ وہ ان لوگوں کی مدد کریں جو کم خوش نصیب ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور دنیا بھر میں مسلمان اس مہینے کے دوران ہر روز اپنے معاشروں کے لیے عطیات دیں گے اور لاکھوں افراد دوسروں کی خدمت اور اپنے ہمسائیوں اوردیگر انسانوں کے ساتھ نیک سلوک کے لیے خصوصی انداز میں کام کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ماہ کے دوران ہر سال دنیا بھر میں ہمارے بہت سے سفارت خانے اور قونصل خانے مسلمانوں اور دوسرے عقائد سے تعلق رکھنے والے افراد کو اکھٹا کرنے کے لیے خصوصی تقریبات منعقد کرتے ہیں جو امن ، استحکام اور خوشحالی کی منزل کے حصول کے ہمارے عہد سے وابستہ ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ اس ماہ کے آغاز کے موقع پران سب کے لئے ایک بہت خوش کن اور خوشحال رمضان کریم کی خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔