Live Updates

حال ہی میں مسلم لیگ ن سے پی ٹی آئی میں جانے والے سیاسی رہنما کا اقامہ نکل آیا

رکن اسمبلی کا اقامہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 16 مئی 2018 12:31

حال ہی میں مسلم لیگ ن سے پی ٹی آئی میں جانے والے سیاسی رہنما کا اقامہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مئی 2018ء) : حال ہی میں حکومتی جماعت مسلم لیگ ن سے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے رکن قومی اسمبلی کا اقامہ بھی نکل آیا۔ قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے رکن قومی اسمبلی طاہر چیمہ کا اقامہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز درخواست کی سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے کی۔

درخواست گزار محمد اکرم شاہ کی جانب سے سروس چوہدری اور رئیس عبدالواحد عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے طاہر بشیر چیمہ ، سیکرٹری الیکشن کمیشن ، سیکرٹری قومی اسمبلی، نیب، ڈی جی ایف آئی اے اور چئیرمین ایف بی آر کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواستگزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رکن قومی اسمبلی طاہر بشیر چیمہ نے اقامہ گوشوارے میں ظاہر نہیں کیا۔

طاہر بشیر چیمہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف پر پورا نہیں اترتے ، ان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں مختلف مقدمات درج اور وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔ طاہر بشیر کی ایک آف شور کمپنی بھی ہے۔ بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ طاہر بشیر چیمہ نے گزشتہ ماہ مسلم لیگ ن چھوڑ دی تھی اور جنوبی پنجاب محاذ کے پلیٹ فارم سے پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف ، خواجہ آصف اور احسن اقبال کے اقامے بھی منظر عام پر آ چکے ہیں۔ سپریم کورٹ نے اقامے کی بنیاد پر ہی سابق وزیراعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دیا تھا اور کہاتھا کہ نواز شریف آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف پر پورا نہیں اُترتے لہٰذا انہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے نا اہل قرار دیا جاتا ہے ، سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد نواز شریف کو پارٹی صدارت سے بھی ہاتھ دھونا پڑے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات