گلوکار و اداکار علی ظفر پرسوں اپنی 38ویں سالگرہ منائیں گے

بدھ 16 مئی 2018 13:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) چھنو بوائے کے نام سے مشہور پاکستانی گلوکار، موسیقار، نغمہ نگار، اداکار، ماڈل اور پینٹر علی ظفر پرسوں (جمعہ ) کو اپنی 38ویں سالگرہ منائیں گے ۔ 18مئی 1980ء کو لاہور میں پیدا ہونے والے علی ظفر نے اپنے شوبز کریئر کا آغاز ڈراموں میں اداکاری کے بعد فلم ’’شرارت ‘‘کے لیے گانے ’’جگنوں سے بھرلوں آنچل‘‘سے کیا تاہم ان کی پہچان ان کی پہلی البم ’’حقہ پانی ‘‘کے گانے ’’چھنو کی آنکھ میں اک نشہ ہے‘‘ سے بنی اور پھر علی ظفر کی شہرت سرحدوں کے پار تک جاپہنچی۔

(جاری ہے)

بالی وڈ میں ان کی پہلی فلم ’’تیر ے بن لادن‘‘ کی کامیابی کے بعد انہوں نے خود کوایک بہترین اداکار کی حیثیت سے منوایا اور بالی وڈ کے نہ صرف کامیاب اداکار بنے بلکہ انہوں نے گائیکی کے میدان میں بھی خوب نام کمایا اور اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔پاکستان اور ہندوستان میں موسیقی اور اداکاری کے شعبے میں شاندار صلاحیتوں کے بل بوتے پر بے شمار ایوارڈز حاصل کرنے والے علی ظفر کو کئی بار ایشیاء کے پرکشش ترین مردوں کی فہرست میں بھی شامل کیا جاچکا ہے۔علی کو ہندوستان کے معتبر فلمی ایوارڈ دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا گیا ہے جبکہ ان کی کامیابیوں کا سفر تاحال جاری ہے۔