Live Updates

رمضان میں فراہمی آب وصفائی کا شیڈول مرتب

بدھ 16 مئی 2018 13:08

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو بروقت پانی کی فراہمی اور شہر کی صفائی کے لئے شیڈول مرتب کرلیا ۔پہلی بار رمضان المبارک میں رات کے وقت صفائی کی خصوصی شفٹ شروع کرائی جائے گی جو رات 10 بجے سے دو بجے تک جاری رہے گی۔ شیڈول کو حتمی شکل چیئرمین ڈبلیو ایس ایس پی حاجی شوکت علی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر علی خان، زونل منیجرز انجینئر امین گل شنواری، انجینئر فخر عالم، انجینئر تراب شاہ اور انجینئر طارق عزیز سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان کے دوران سحری کے لئے ٹیوب ویلز سے رات دو بجے سے صبح پانچ بجے تک، صبح سات بجے سے نو بجے تک، دوپہر 12 بجے سے دو بجے تک اور شام ساڑھے پانچ بجے سے رات 10 بجے تک پانی فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح عملہ صفائی صبح پانچ بجے سے 11 بجے تک ڈیوٹی دے گا دوسری شفٹ دو بجے دوپہرسے پانچ بجے عصر تک جاری رہے گی اور پھر رات کے وقت خصوصی شفٹ میں صفائی کی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین حاجی شوکت علی نے سختی سے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں عملے کی کڑی نگرانی کی جائے بوقت ضرورت ٹیوب ویلوں کی فوری مرمت یقینی بنائی جائے جہاں سے بھی بوسیدہ پائپوں کی شکایت ملے اس کا زالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں کی ٹوٹی ڈرنیج لائنوں کو ٹھیک کرانے کے لئے ہوٹل مالکان کو نوٹس دیا جائے بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے تاکہ سڑکوں کی صفائی یقینی ہو، خالی پلاٹ مالکان کو بھی چار دیواری تعمیر کرانے کے لئے نوٹس جاری کیا جائے تاکہ لوگوں کی جانب سے جگہ جگہ گندگی پھینکنے کے عمل کا سدباب کیا جاسکے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ لیکیج کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات