اپوزیشن جماعتوں نے پانچ سالوں کے دوران ملک کی ترقی کے خلاف حکومت کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں‘ دھرنوں کے ذریعے چینی سرمایہ کاری کو روکنے کی ناکام کوشش کی گئی‘ شائستہ پرویز ملک

بدھ 16 مئی 2018 13:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے ملک کی ترقی کے خلاف حکومت کی راہ میں پانچ سالوں کے دوران رکاوٹیں ڈالیں‘ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو کام کرنے دیا جاتا تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرتے ہوئے اسے کامیاب بنایا جس کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے قیام کے بعد کچھ سیاسی جماعتوں نے حکومت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں اور دھرنوں کے ذریعے لڑائی جھگڑے کی فضا بنائی گئی تاکہ حکومت کو کمزور کیا جاسکے۔ شائستہ پرویز نے کہا کہ دھرنوں کے ذریعے چینی سرمایہ کاری کو روکنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ اگر اپوزیشن جماعتیں ملکی ترقی کے لئے قومی اسمبلی کے فلور پر حکومت کو تجاویز دیتیں اور ساتھ کھڑی ہوتیں تو آج ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا۔ ملک سے بیروزگاری کے خاتمے اور معاشی اہداف کے حصول کو حاصل کیا جاسکتا تھا مگر منفی سیاست کی وجہ سے ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالی گئی۔