Live Updates

ماہ رمضان ،ادب و احترام، فیاضی و سخاوت اور روحانی مشاہدہ نفس کا وقت ہے،امریکہ

رمضان مسلمانوں کو یہ درس دیتا ہے کہ وہ ان لوگوں کی مدد کریں جو کم خوش نصیب ہیں،امریکی وزیرخارجہ کا پیغام

بدھ 16 مئی 2018 13:46

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) ماہ صیام کے آغاز کے موقع پر امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا ہے کہ وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو امن اور رمضان المبارک کی برکتوں کے لیے دعاگو ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ رمضان کا مہینہ ادب و احترام، فیاضی و سخاوت اور روحانی مشاہدہ نفس کا وقت ہے۔

رمضان المبارک کمیونٹی سے محبت بانٹے کا بھی مہینہ ہے اور اکثر و بیشتر اس مہینے میں خاندان اور دوستوں سے دوبارہ رابطے بحال کیے جاتے ہیں۔یہ مہینہ مسلمانوں کو یہ درس دیتا ہے کہ وہ ان لوگوں کی مدد کریں جو کم خوش نصیب ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ امریکہ اور دنیا بھر میں مسلمان اس مہینے کے دوران ہر روز اپنے معاشروں کے لیے عطیات دیں گے اور لاکھوں افراد خدمت اور اپنے ہمسائیوں کو کچھ لوٹانے کے لیے خصوصی انداز میں کام کریں گے۔

(جاری ہے)

اس ماہ کے دوران ہر سال دنیا بھر میں ہمارے بہت سے سفارت خانے اور قونصل خانے مسلمانوں اور دوسرے عقائد سے تعلق رکھنے والے افراد کو اکھٹا کرنے کے لیے خصوصی تقریبات منعقد کرتے ہیں جو امن ، استحکام اور خوشحالی کی منزل کے حصول کے ہمارے عہد سے وابستہ ہیں۔اس طرح کی تقریبات اور اشتراک ہماری سفارت کاری ، شرکت داری کے ذریعے مضبوط کمیونیٹز کے لیے راستہ ہموار کرنے اور تنوع کے احترام کے کلیدی پہلوؤں میں شامل ہیں۔میں اس ماہ کے آغاز کے موقع پران سب کے لیے ایک بہت خوش کن اور خوشحال رمضان کریم کی خواہشات کا اظہار کرتا ہوں ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات