Live Updates

نوازشریف کا متنازعہ بیان‘ مسلم لیگ نون کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس

پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کا وزیراعظم عباسی کے الوداعی ناشتے کا بائیکاٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 16 مئی 2018 13:21

نوازشریف کا متنازعہ بیان‘ مسلم لیگ نون کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 مئی۔2018ء) نواز شریف کے متنازع بیان پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ( ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کا مقصد نواز شریف کے ممبئی حملہ متنازع بیان پر بات چیت کرنا تھا۔ اجلاس میں نواز شریف کے بیان سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور وزیراعظم نے اراکین کو پارٹی گائیڈ لائن بھی دی۔

فاٹا انضمام سے متعلق آئینی ترمیم کے بل پر ارکان کو اعتماد میں لیا گیا جبکہ ارکان کو بجٹ منظوری کیلئے ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ دوسری جانب وزیر اعظم نے ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں الوداعی ناشتہ دیا جس میں پارلیمنٹیرینز کی حلوہ پوری سے تواضع کی گئی تاہم ناشتے میں چوہدری نثار، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے ارکان نے شرکت نہیں کی۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں الوداعی ناشتہ دیا جس میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے ارکان شریک نہ ہوئے۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور شیخ رشید بھی ناشتے میں شرکت نہیں کی۔ مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی ف، ایم کیو ایم، پشتون خوا میپ کے ارکان تقریب میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے ناشتے میں ارکان اسمبلی کی حلوہ پوری، چنے ،سفید چاول اور دال سے تواضع کی۔

بعدازاں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں بجٹ منظوری سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مرحوم ایم این اے رجب علی بلوچ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور وزیر داخلہ احسن اقبال کی صحت یابی کے لئے دعا کی گئی۔ وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کو بجٹ منظوری کیلئے ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات