پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلڈ پریشر کا عالمی دن (آج )منایا جائیگا

ہر دسواں پاکستانی ہائی بلڈ پریشر کا شکار ،بلند فشار خون، ہائی بلڈ پریشر کا مناسب علاج نہ ہونے سے فالج، دماغی شریان پھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں‘پاکستان طبی کانفرنس لاہور کے زیر اہتمام مجلس مذاکرہ میں حکماء کی گفتگو

بدھ 16 مئی 2018 14:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلڈ پریشر کا عالمی دن آج (جمعرات) منایا جائے گا۔پاکستان طبی کانفرنس لاہور کے زیر اہتمام ہائی بلڈ پریشر کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ مجلس مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر حکیم محمد احمد سلیمی، پروفیسر حکیم سید عمران فیاض،حکیم محمد افضل میو،حکیم احمد حسن نوری، حکیم امجد وحید بھٹی،حکیم حامد محمود،حکیم محمد فیصل طاہر صدیقی،حکیم حاجی شہباز سرور،حکیم محمد ابوبکر،حکیم حافظ عبدالرزاق کھوکھر ،حکیم عبدالرزاق ربانی، حکیم عمر فاروق گوندل اور ڈاکٹر سکندر حیات زاہد نے کہا کہ دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا ہیں جبکہ پاکستان میں 87لاکھ مرد، 85لاکھ خواتین اور 50سال سے زائد عمر کے 50فیصد افراد ہائی بلڈ پریشر کے مریض ہیں یعنی ہر دسواں پاکستانی ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہے اور ان میں سے 70فیصد لوگ اس مرض سے ناواقف ہیں۔

(جاری ہے)

آرام طلب زندگی، مرغن غذائوں کا بکثرت استعمال، ورزش نہ کرنا، ذہنی دبائو، گھریلو پریشانیاں،موٹاپا، نمک کا حد سے زیادہ استعمال، تمباکو اور شراب نوشی، ہائی بلڈ پریشر کی بڑی وجوہات ہیں۔ بلند فشار خون، ہائی بلڈ پریشر کا مناسب علاج نہ ہونے سے فالج، دماغی شریان پھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائی بلڈ پریشر سے بچائو کیلئے معمولات زندگی میں تبدیلی لائیں۔

پنجگانہ نماز قائم کریں۔ تفکرات، غصہ اور ذہنی دبائو سے بچیں، باقاعدگی سے ورزش کریں، نمک کا استعمال کم کریں، فاسٹ فوڈز، گوشت، چکنائی، انڈہ اور دیگر مرغن غذائوں اور گرم اشیاء سے پرہیز رکھیں۔سبزیوں میں خصوصاُُ شلجم، کالی توری، لوکی (گھیا کدو) اور دالوں کا ستعمال زیادہ کریں۔ سگریٹ، تمباکو اور شراب نوشی ترک کر دیں۔چائے، کافی، کولا مشروبات سے پرہیز کریں۔ موسمی پھل اور ان کے جوسز کا استعمال کریں۔ وزن زیادہ ہو تو کم کریں۔ ذیا بیطس کے مریض اپنی شوگر کنٹرول رکھیں۔ غذاء سادہ زود ہضم اور ایک لقمہ کی بھوک رکھ کر کھائیں۔ حکیم محمد افضل میو نے مشورہ دیا کہ پکوان میں لہسن کا زیادہ استعمال ہائی بلڈ پریشر کو نارمل رکھنے میں اہم کردار ادر کرتا ہے۔