ویسٹ انڈیز کا رواں سال بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان، دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے جائے گی، بنگلہ دیشی ٹیم 14 برس بعد جمیکا میں ٹیسٹ کھیلے گی

بدھ مئی 15:37

کنگسٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2018ء) کرکٹ ویسٹ انڈیز نے رواں برس بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا، یہ بنگلہ دیش کا ویسٹ انڈیز کا چوتھا دورہ ہو گا، بنگال ٹائیگرز اس سے قبل 2004ء، 2009ء اور 2014ء میں بھی ویسٹ انڈیز کا دورہ کر چکے ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے آخری دو میچز فلوریڈا میں کھیلے جائیں گے، بنگلہ دیشی ٹیم 14 برس بعد جمیکا میں ٹیسٹ کھیلے گی، اس نے آخری مرتبہ 2004ء میں جمیکا میں ٹیسٹ کھیلا تھا۔

(جاری ہے)

کرکٹ ویسٹ انڈیز کی طرف سے اعلان کردہ شیڈول کے تحت بنگلہ دیشی ٹیم دو روزہ ٹور میچ سے دورے کا آغاز کرے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 جولائی تک اینٹی گووا، دوسرا اور آخری ٹیسٹ 12 سے 16 جولائی تک جمیکا میں کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 22 جولائی کو گیانا، دوسرا میچ 25 جولائی کو گیانا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 28 جولائی کو سینٹ کٹس پر کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 31 جولائی کو سینٹ کٹس، دوسرا میچ 4 اگست کو فلوریڈا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 5 اگست کو فلوریڈا میں کھیلا جائے گا۔