صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے پالیسی برائے انسانی حقوق 2018پیش کردی

انسانی حقوق کی پالیسی 2018 صوبہ بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کوبرقرار رکھنے کی سمت میں اہم قدم ثابت ہوگا پنجاب حکومت نے انسانی حقوق و اقلیتی امور کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا ہے ‘صوبائی وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو

بدھ 16 مئی 2018 16:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقو ق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبہ بھر میں بچوں، خواتین،سینئر شہریوں، خواجہ سرائوںاور اقلیتوں سمیت تمام افرادکے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کے لئے پرعزم ہے،انسانی حقوق کے تحفظ کو مزید فروغ دینے کیلئے پالیسی مرتب کرلی ہے اور یہ پاکستان کی تاریخ میں بلاشبہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا ،محکمہ انسانی حقوق کے پلیٹ فارم سے بہترین قانون سازی اور پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو اپنا کردار احسن طریقے سے سر انجام دینا ہوگا۔

ان خیالا ت کا اظہار صوبائی وزیر نے انسانی حقوق کے تحفظ کی پالیسی برائے 2018 کے حوالے سے ایک منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار کا اہتمام محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور نے ایک نجی ہوٹل میں کیا تھا۔ سیمینار میں اقلیتی ایم پی ایز،سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور عاصم اقبال، پی اینڈ ڈی،سوشل ویلفیئر ، خواتین، قانون، صحت، سی اینڈ ڈبلیو، سکول ایجوکیشن، کھیل کے محکموں کے نمائندگان موجود تھے ۔

سیکرٹری عاصم اقبال نے تمام شرکاء کو پنجاب کی حکومت کی جانب سے نئے منظور شدہ انسانی حقوق کی پالیسی کے بارے میں تفصیل اور نو منظور شدہ پالیسی کے لئے عملدرآمد کے حوالے سے فریم ورک سے آگاہ کیا۔ تمام مقررین نے پنجاب حکومت کی جانب سے انسانی حقوق اور اقلیتی امور کے معاملات کے حوالے سے کیئے جانیوالے اقدامات کو سراہا اور انسانی حقوق کی پالیسی برائے 2018 میںبچوں ، خواتین، اقلیتوں، سینئر شہریوں، خواجہ سراء،، سول سوسائٹی،خبر تک رسائی، اقتصادی اور ثقافتی حقوق کے حوالے سے محکمہ انسانی حقوق کی جانب سے پالیسی متعارف کرانے کی تعریف کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ انسانی حقوق کی پالیسی 2018 صوبہ بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کوبرقرار رکھنے کی سمت میں اہم قدم ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر صوبہ پنجاب کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا مرکزی کردار ادا کرے گی اور اس امر کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور تمام متعلقہ اداروں کا معاون ثابت ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے نمائندگان کو کامیاب سیمینار منعقد کرنے پرصوبائی وزیر کی جانب سے تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔