مقبوضہ کشمیر کی انتہائی سنگین صورتحال پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی جانب سے خاموشی انتہائی افسوسناک ہے ،ْسردار مسعود خان

مظلوم و محکوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ایوانوں تک پہنچانا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے ،عا لمی برادری جموں وکشمیر کی تشویشناک صورتحال کا فوری نوٹس لے ،ْصدر آزاد کشمیر

بدھ 16 مئی 2018 16:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے جہاں پر قتل و غارت گری، ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں لیکن اس کے باوجود بین الاقوامی مقتدر حلقوں ،عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی جانب سے خاموش تماشائی بنے رہنا انتہائی افسوسناک ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر نے بدھ کو سینئر وزیر حکومت چوہدری طارق فاروق سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مقبوضہ کشمیر کے موجودہ ناگفتہ بہہ حالات پر بات کرتے ہوئے صدر آزاد جموں وکشمیرنے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے بھارتی قابض افواج نے نام نہاد سکیورٹی و سرچ آپریشن کے نام پر معصوم و نہتے کشمیریوں کو دن دھاڑے شہید کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غلط بیانی کرتے ہوئے عالمی برادری کو یہ باور کروانے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ کشمیر میں دہشت گردوں کے خلاف ان آپریشنز کے تحت کارروائی کر رہا ہے حالانکہ حقیقت حال اس کے برعکس ہے اور بھارتی قابض افواج معصو م و غیر مسلح کشمیریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں سر عام قتل کر رہی ہیں ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے اپنے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں انٹر نیٹ اور دیگر ذرائع ابلاغ کی سروسز کو بند کر رکھا ہے تاکہ مظلوم کشمیریوں کی آہ وبکاہ عالمی دنیا تک نہ پہنچ سکے۔

صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مظلوم و محکوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ایوانوں تک پہنچانا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے کیونکہ وہ مجبور و محصور ہیں جبکہ ہم آزاد اور خود مختار ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوں تو تارکین وطن کمیونٹی کشمیریوں کو حق خودارادیت دئیے جانے کے سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے تاہم مقبوضہ کشمیر کی موجودہ خوفناک صورتحال کا تقاضا ہے کہ تارکین وطن اپنے اندر اتحاد پیدا کرتے ہوئے مزید فعال طریقے سے اپنے مظلوم کشمیر بہن بھائیوں کی آواز کو دنیا تک پہنچانے اور انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دئیے جانے کے لئے اپنے اثر ورسوخ کو بروئے کار لائیں ۔

دونوں رہنمائوں نے بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے جموں وکشمیر کی تشویشناک صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور اس کا سدباب کئے جانے کا مطالبہ کیا۔