10ماہ میں 2.24ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری خوش آئند ہے،راجہ وسیم حسن

بدھ 16 مئی 2018 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) تاجر رہنما وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے نائب صدرراجہ وسیم حسن نے رواں مالی سال کے ابتدائی10ماہ کے دوران 2ارب 23کروڑ78لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میںاضافہ ہوگا ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے شہید گنج کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

راجہ وسیم حسن نے کہا کہ براہ راست سرمایہ کاری میں چین سرفہرست ہے ،چین کی جانب سے 1ارب41کروڑ40لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، انہوںنے کہا کہ سی پیک اور سی پیک روٹس پر خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور ان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات اور مفت زمین کی فراہمی سے دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کار ی سے ملک میں نئی انڈسٹریز کا قیام عمل میں آئے گا ،جہاں ملازمتوں کے ہزاروں مواقع دستیاب ہونگے جس سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار میسر آئے گا اور بے روزگاری کے مسئلہ کو حل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔