رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت

بدھ 16 مئی 2018 16:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) : انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عارف نواز خان نے رمضان المبارک کے دوران فرز ندان اسلام کو بھر پور تحفظ کی فراہمی کیلئے فول پروف سکیورٹی کی غرض سے ماسٹر پلان مرتب کرنے کی ہدائت کی ہے اور تمام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ فوری رمضان المبارک کا سکیورٹی پلان تیار کر کے سنٹرل پولیس آفس کو ارسال کریں تاکہ اس کا جائزہ لے کر مزید ہدایات جاری کی جا سکیں۔

فیصل آباد ریجنل پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایا ت کی روشنی میں آئی جی پولیس پنجاب نے سی سی پی او، ریجنل پولیس آفیسرز ، سٹی پولیس آفیسرز ،رینج ڈی آئی جیز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ز کے نام جاری مراسلہ میں کہا ہے کہ سحر ، افطار ، نماز تراویح سمیت تمام نمازو ں کے اوقات میں مساجد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کئے جائیں اور مساجد کے ایک سے زائد گیٹس بند کر کے آمد و رفت کیلئے ایک ہی راستہ استعمال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتا یا کہ پولیس حکام کو کہا گیا ہے کہ وہ امن کمیٹیوں اور جامع مساجد کے خطیبوں اور دیگر عبادت گاہوں کی انتظامیہ کی مشاورت سے نمازیوں کی سکیورٹی کا ایسانظام وضع کریں جس میں کسی کوتاہی کا احتمال نہ رہے۔ انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران پولیس قومی رضا کاروں اور ریٹائرڈ فوجیوں کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائے نیز تمام پولیس افسران نمازوں کے اوقات کے دوران سکیورٹی کی صورت حال چیک کرنے کیلئے اچانک چھاپے ماریں اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کو معطل کرنے سے بھی گریز نہ کیاجائے ۔