وزیر اعلیٰ پنجاب کی ارکان اسمبلی کو رمضان بازاروں کے خود دورے کرنے کی ہدایت

بدھ مئی 16:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2018ء) ::وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر کے تمام ارکان اسمبلی کو رمضان بازاروں کے خود دورے کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ سستے رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ ، سبسڈی کے ذریعے ازراں نرخوں پر آٹے، چینی ، گھی ، دالوں ، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی عوام الناس کو فراہمی کی نگرانی سمیت غریب و کم آ مدنی والے افراد تک ریلیف پیکج کے ثمرات پہنچانے کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے ۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں حکومت کی جانب سے اشیائے صرف کی سستے نرخوں پر فراہمی کیلئے دی گئی سبسڈی کو ہر حال میں شفاف ، مؤثر ، فعال بنایا جائیگا اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی ، لاپرواہی ، فرائض میں غفلت یا بے قاعدگی برداشت نہیں کی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ ارکان اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں رمضان دسترخوانوں کے بھی دورے کریں گے اور عام افراد کے ہمراہ روزہ افطار کیا جائیگا تاکہ غریب اور کم آمدنی والے افراد سمیت نادار ، مفلس، بے سہارا افراد میں پایا جانے والا احساس محرومی ختم کرنے میں مدد مل سکے۔

انہوںنے بتایا کہ اضلاع کے ڈی سیز، دیگر متعلقہ حکام اور مارکیٹ کمیٹیوں کے چیئر مینز /ایڈمنسٹریٹرز و سیکرٹریز کو بھی رمضان بازاروں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ ناجائز منافع خوری ، ذخیرہ اندوزی ، چور بازاری روکنے کیلئے سپیشل پرائس مجسٹریٹوں کو بھی آپریشن کریک ڈائون کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ۔