Live Updates

تمام شیڈولڈ بینکوں کو ماہ صیام کے آغاز سے لے کر عید الفطر تک اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر سٹاک رکھنے کی ہدایت

بدھ 16 مئی 2018 16:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) :بینک دولت پاکستان نے تمام شیڈولڈ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماہ صیام کے آغازسے لے کر عید الفطر تک اپنے اپنے بینکوں کی اے ٹی ایم برانچز میں نصب اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر سٹاک موجود رکھیں تاکہ اے ٹی ایم مشینیں استعمال کرنے والے بینکوں کے کھاتہ داران کوماہ صیام کے دوران عید الفطر تک رقم نکلوانے میں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے نیز تمام بینکوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی خراب اے ٹی ایم مشینیں 48گھنٹوں کے اندر اند ر درست کروا کر انہیں چالو حالت میں لائیں ورنہ ان کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس ضمن میںکوئی رعائت نہیں برتی جائے گی ۔

سٹیٹ بینک فیصل آباد کے ذرائع نے بتا یا کہ مختلف بینکوں کے کھاتہ داران کی جانب سے سٹیٹ بینک کے مجاز حکام کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گذشتہ سا ل ماہ صیام کے دوران بالعموم اور عید الفطرپر بالخصوص اکثر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی ختم ہو گئی تھی جبکہ کئی مشینیں آئوٹ آف آرڈر بھی تھیں جس کے باعث اے ٹی ایم صارفین کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اپنے اہم معمولات کی سرانجام دہی میں بھی سخت دشواری پیش آئی۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتا یا کہ تمام بینکوں کے حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ماہ صیام کے آغاز سے لے کراختتام تک روزانہ کی بنیاد پر اے ٹی ایم مشینوں کی ورکنگ کو چیک کریں اور چھٹیوں کے دوران بھی اے ٹی ایم مشینوںمیں وافر کرنسی موجود رکھی جائے ۔ا نہوںنے کہا کہ اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :