رمضان بازاروں میں سستی چینی کی مطلوبہ مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے گی ، فوکل پرسن رمضان بازار

بدھ مئی 16:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2018ء): فوکل پرسن رمضان بازارز/ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد نے کہاہے کہ رمضان بازاروں میں ہر حال میں سستی چینی کی مطلوبہ مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائیگی جس کیلئے جامع میکنیزم تیار کیا گیاہے تاکہ رمضان پیکج کے ثمرات صارفین تک بھر پور انداز پہنچ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سستی چینی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا جس کیلئے تمام تر امور طے کر لئے گئے ہیں ۔

انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ضلع کے رمضان بازاروں میں تمام تر خامیوں اور کمزوریوں کو فوری طور پر دور کیا جائے کیونکہ گزشتہ سال کے بعض رمضان بازاروں کے کمزور انتظامات کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں کے ساتھ عام بازار کی قیمتیں بھی درج کی جائیں تاکہ خریدار موقع پر ہی رمضان بازار میں دستیاب رعایت کا موازنہ کر سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے صارفین کی سہولت کیلئے رہنما بورڈز نمایاں جگہوں پر نصب کرنے اور سٹالز پر یکساں ڈیزائن کی معلوماتی فلیکسز لگانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے انچارج افسران کو تلقین کی کہ وہ رمضان بازاروں سے متعلق ڈیوٹیز احساس ذمہ داری اور محنت سے ادا کریں کیونکہ اس ضمن میں کسی قسم کی بدانتظامی یا خامی کی صورت میں وہ براہ راست ذمہ دار ہونگے ۔