ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ارشد علی کی زیر صدارت نیشنل آفیسز آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن فورم کا اجلاس

بدھ مئی 16:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے سیکرٹریٹ میں نیشنل آفیسز آف ریسرچ، انوویشن، اینڈ کمرشلائزیشن ( اورکس) فورم کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی نے میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میٹنگ کا دو نکاتی ایجنڈ وفاقی جامعات کے اورکس اور تمام صوبائی جامعات کے اورکس کی کارکردگی پر نظر ڈالنا اور نیشنل آفیسز آف ریسرچ، انوویشن، اینڈ کمرشلائزیشن فورم کو ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی ٹیکنالوجی منیجرزکی طرز پر بنانے کیلئے پروپوزلز جمع کرنا تھا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ارشد علی نے صوبائی اورکس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم علم پر مبنی معیشت کی درست سمت کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی اورکس کو اپنی صلاحیتوں کا درست اندازہ لگانا چاہئے تاکہ وہ کمیونٹی کیلئے کارگر ہو سکیں اور دیگر اورکس کی معاونت بھی کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے میٹنگ کے شرکاء کو بتایا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپریل کے پہلے ہفتہ کو یونیورسٹی۔

انڈسٹری ویک کے طور پر منایا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال سے ایچ ای سی کے تمام ریجنل سنٹرز، صوبائی اورکس اور متعلقہ چیمبر آف کامرس یونیورسٹی۔انڈسٹری ویک منایا کریں گے تاکہ طلباء کیلئے روزگار اور اپنا کاروبار کرنے کے مواقع فراہم کئے جا سکیں ۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اعلان کیا کہ ایچ ای سی بیسٹ اورک ایوارڈ سے نوازے گا اور اورکس کی میٹنگز صوبائی سطح پر منعقد کرنے کے لیے ایچ ای سی متعلقہ اورک کو 0.5 ملین روپے کی رقم دے گا جس کی مانیٹرنگ اور آڈٹ ایچ ای سی کا آر اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کرے گا۔

میٹنگ کے اختتام میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس فورم کی میٹنگ ہر 6 ماہ بعد رکھی جائے گی۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ بحریہ یونیورسٹی ، اسلام آباد، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز لاہور،، ڈاؤ یونیورسٹی کراچی،، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور،، بلوچستان یونیورسٹی آف انفامیشن ٹیکنالوجی،، انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز کوئٹہ اور آزاد جموں کشمیر یونیورسٹی مظفر آباد کو بالترتیب فیڈرل اورک، پنجاب اورک، سندھ اورک، خیبرپختونخوا اورک، بلوچستان اورک اور آزاد جموں و کشمیر اورک کی دو سال کیلئے نمائندگی سونپی گئی۔